سعودی عرب،ملائیشیاکے بعد لبنان کے شہری میں کرونا وائرس کی تصدیق، عوام کو کرونا وائرس کے خطرات سے متعلق آگاہ کیا جا رہا ہے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں،وزیرصحت

جمعہ 9 مئی 2014 19:01

سعودی عرب،ملائیشیاکے بعد لبنان کے شہری میں کرونا وائرس کی تصدیق، عوام ..

بیروت(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9مئی۔2014ء) سعودی عرب میں کرونا وائرس سے ہونے والی اموات کے بعد اب یہ مہلک مرض لبنان پہنچ گیا ، لبنانی وزیر صحت وائل ابو فاعورنے ایک پریس کانفرنس میں بتایاکہ بیروت کے ایک اسپتال میں پھیپھڑوں میں شدید انفیکشن کے مریض کو لایا گیا ڈاکٹروں نے ابتدائی معائنے کے بعد بتایا کہ مریض کرونا وائرس کے باعث متاثر ہوا ہے، تاہم اس کا علاج جاری ہے۔

لبنان میں اس وائرس کا یہ پہلا کیس ہے،انہوں نے کہاکہ عوام الناس کو کرونا وائرس کے خطرات سے متعلق آگاہ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنے طور پر اس مہلک وائرس سے بچنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔ حکومت بھی اس ضمن میں تمام ضروری تدابیر اختیار کر رہی ہے،ابو فاعور کا کہنا تھا کہ کروناوائرس کا لبنان میں پہنچنا تشویشناک ہے لیکن حکومت اور ماہرین صحت اسے مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے تمام ضروری تدابیر اختیار کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

عوام الناس سے بھی گذارش ہے کہ وہ ایسے کسی بھی کیس کو دیکھنے کے بعد فوری طبی معائنہ کرائیں تاکہ بر وقت علاج ممکن بنایا جا سکے،لبنانی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ کروناوائرس خلیجی ممالک میں پھیل رہا ہے اور وہاں سے اس کے جراثیم دوسرے ملکوں میں منتقل ہو رہے ہیں تاہم عوام کو اس سے پریشان اور خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے بعد ازاں وزیر صحت نے سیکرٹری ہیلتھ عاطف مجدلانی کے ہمراہ بیروت ہوائی اڈے کا بھی دورہ کیا انہوں نے ہوائی اڈے کے طبی عملے اور دیگر ملازمین کو مکمل حفاظتی انتظامات اختیار کرنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :