کراچی اور لاہور کے مختلف حصوں میں گندے نالوں سے حاصل کیے گئے نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ،ماحولیاتی نمونے کا مثبت آنا ظاہر کرتا ہے کہ لاہور میں وائرس گردش کر رہا ہے ، ڈبلیو ایچ او

منگل 13 مئی 2014 22:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مئی۔2014ء) کراچی اور لاہور کے مختلف حصوں میں گندے نالوں سے حاصل کیے گئے نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔پولیو پر وزیر اعظم کی فوکل پرسن عائشہ رضا فاروق نے منگل کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اپریل میں لاہور کے ایک مرکزی پمپنگ سٹیشن جبکہ کراچی کے علاقوں گڈاپ اور گلشن اقبال سے حاصل کردہ ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ۔

اس سے پہلے عائشہ رضا فاروق کی زیر صدارت وزیر اعظم کی پولیو نگرانی اور رابطہ کار سیل کا اجلاس منعقد ہوا، جہاں سٹیک ہولڈرز کو ان رپورٹس کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔تاہم عائشہ کا کہنا ہے کہ انہیں لاہور کے حوالے سے تشویش اس لیے لاحق نہیں کیونکہ شہر میں اب تک کوئی پولیو کیس سامنے نہیں آیا۔ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں پولیو کیس سامنے نہ آنے کا مطلب یہ ہے کہ وہاں کی آبادی میں اس وائرس کے خلاف قوت مدافعت پیدا ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

'ڈبلیو ایچ او کی نمائندہ اور پاکستان میں ادارے کی قائم مقام انچارج نیما سعید عابد کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی نمونے کا مثبت آنا ظاہر کرتا ہے کہ لاہور میں یہ وائرس گردش کر رہا ہے۔ہمیں کراچی کے بارے میں علم تھا کیونکہ رواں سال شہر میں پانچ پولیو کیس سامنے آ چکے ہیں خیال رہے کہ کراچی میں سامنے آنے والے پانچ کیسوں میں سے تین گڈاپ علاقے کے ہیں۔تاہم نیما نے دعویٰ کیا کہ مقامی میڈیا میں گردش کرنے والی خبروں کے برعکس ، ڈبلیو ایچ او نے کراچی اور لاہور میں نمونوں کے حوالے سے کوئی رپورٹ جاری نہیں کی۔گزشتہ ہفتے، ڈبلیو ایچ او نے پولیو وائرس کو دنیا بھر میں پھیلنے سے روکنے کے لیے پاکستان پر سفری پابندیاں لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :