پاکستان دہشت گردی کی کارروائیوں کی روک تھام کیلئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے ،شجاعت ، صحت اور دیگر شعبوں میں برطانیہ کے تعاون کو سراہتے ہیں حکومتی پالیسیوں سے صنعت و تجارت کے حجم میں اضافہ ہوا ہے ،برطانوی ہائی کمشنر سے گفتگو

جمعرات 19 اپریل 2007 22:44

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اپریل۔2007ء) پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر رابرٹ برنکلے نے اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گا ہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

چوہدری شجاعت حسین نے پاکستان میں تعلیم‘ صحت اور دیگر شعبوں میں برطانیہ کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ دولت مشترکہ کے رکن کے طور پر پاکستان عالمی امن کیلئے دہشت گردی اور انتہاء پسند ی پر قابو پانے کیلئے عالمی سطح پر جاری تحریک کا اہم رکن ہے اوراس وقت دہشت گردی کی کاروائیوں کی روک تھام کیلئے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے اس موقع پر پاکستان میں جمہوری اداروں کے استحکام‘ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور معاشرے میں منفی رجحانات کے خاتمے کیلئے موجودہ حکومت کی کوششوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کی بدولت پاکستان میں صنعت و تجارت کے حجم میں اضافہ ہوا ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری سے معاشی خوشحالی کا عمل آگے بڑھ رہا ہے۔ برطانو ی ہائی کمشنر رابرٹ برنکلے نے پاکستان میں غربت‘ جہالت‘ بے روز گاری اور معاشی عدم استحکام کے خاتمے کیلئے حکومت کے اقدامات کی تعریف کی اور اس سلسلے میں اپنے تعاون کا یقین دلایا۔