سیدنیئرحسین بخاری کی سویڈن کے پالیمانی وفد سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال،تعلقات کو تجارتی و اقتصادی اور پارلیمانی سطح پر مزید مستحکم کیاجائے،چیئرمین سینیٹ

پیر 19 مئی 2014 19:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مئی۔2014ء) قائم مقام صدر سید نیئر حسین بخاری نے سویڈن کے پالیمانی وفد جس کی قیادت سویڈن کی پارلیمنٹ سپیکر پیر ویسٹر برگ کر رہے تھے سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان سویڈن کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو انہتائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ ان تعلقات کو تجارتی و اقتصادی اور پارلیمانی سطح پر مزید مستحکم کیاجائے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔

اور سویڈن کے سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے آگے بڑھیں۔ تاکہ عوام کی بھلائی کیلئے کام کیا جاسکے۔قائم مقام صدر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم کو مزید بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اور پارلیمانی سطح پر وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے کیلئے بھی اقدامات کرنے ہوں گے ۔خطے کی مجموعی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے قائم مقام صدر نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ تمام معاملات کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالا جائے۔

افغانستان کے حوالے سے قائم مقام صدر نے کہاکہ افغانستان کی قسمت کا فیصلہ افغان عوام خود کریں گے ۔ اور عوام کی رائے کا احترام کیاجائے گا ۔ دہشت گردی کے حوالے سے سید نیئر حسین بخاری نے وفد کو بتایا کہ دہشت گردی کے خلا ف جنگ میں پاکستان نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور یہ جنگ ہماری ہی نہیں بلکہ عالمی امن اور سلامتی اور بقاء کی جنگ ہے اور بین الاقوامی برادری کو چاہیے کہ وہ اس لعنت سے چھٹکارے کیلئے پاکستان کی مدد کرے ۔

انہوں نے جی، ایس پی پلس کے حوالے سے پاکستان کی حمایت پر سویڈن کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ۔ اور کہا کہ اس سے پاکستانی برآمدات کو فروغ ملے گا۔اور معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔اس سے پہلے وفد کے رہنما نے قائم مقام صدر کو اپنے دورے کے مقصد کے بارے میں بھی بتایا ۔ اور کہا کہ دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سیاسی پارلیمانی تعاون کو مزید مستحکم کرنا اور تجارتی روابط کو فروغ دینا ہے ۔انہوں نے اس موقع پر سید نیئر حسین بخاری کو سویڈن کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی جس پر قائمقا م صدر نے سویڈن کی پارلیمنٹ کے سپیکر کا شکریہ ادا کیا ۔

متعلقہ عنوان :