پنجاب میں رواں سال پولیو کا کوئی کیس نہیں، صوبہ کو پولیو فری رکھنے کیلئے بھرپور کوششیں جاری ہیں‘ مشیر برائے صحت ،لاہور کی حساس 72 یونین کونسلوں میں انسداد پولیو کی خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے‘ خواجہ سلمان رفیق کی میڈیا سے گفتگو

منگل 20 مئی 2014 21:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مئی۔2014ء) مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب میں رواں سال پولیو کا کوئی کیس نہیں اور صوبہ کو پولیو فری رکھنے کے لئے محکمہ صحت پنجاب کے افسران اور ہیلتھ ورکرز بھرپور جدوجہد کررہے ہیں،لاہور کی 72 حساس یونین کونسلوں میں انسداد پولیو کی خصوصی مہم چلائی جارہی ہے۔انہوں نے یہ بات منگل کے روز راجگڑھ کے علاقے میں انسداد پولیو مہم کے دوسرے دن بچوں کو قطرے پلانے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ای ڈی او صحت لاہورڈاکٹر ذوالفقار علی،متعلقہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرہیلتھ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ اپریل کے مہینے میں لاہور کا انوائرمینٹل سیمپل پازیٹو آیا تھا جس کی وجہ سے لاہور کی حساس72 یونین کونسلوں میں پولیو کی خصوصی مہم چلائی جارہی ہے جس کے دوران 6 لاکھ 72 ہزار بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس مہم میں 4 ہزار ہیلتھ ورکرز حصہ لے رہے ہیں اور موبائل ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلا رہی ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف کی قیادت میں صوبائی حکومت نے یہ عزم کررکھا ہے کہ پنجاب کو پولیو سے پاک رکھا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پولیو مہم میں عوام بھرپور تعاون کررہے ہیں تاہم دیگر صوبوں کو بھی اس مسئلہ کی طرف بھرپور توجہ دینا ہو گی تاکہ پورے ملک سے پولیو کاخاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :