صحت مند معاشرے کے لیے کھیل بہت ضروری ہے‘راجہ اعجاز دلاور خان

پیر 26 مئی 2014 14:56

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26مئی 2014ء) مسلم لیگ ن کے راہنما راجہ اعجاز دلاور خان نے کہاہے کہ صحت مند معاشرے کے لیے کھیل بہت ضروری ہے ۔کھیل کے میدان آباد ہونے سے ہسپتال ویران ہوتے ہیں آزادکشمیر کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں مسلم لیگ ن کی آزادکشمیر میں حکومت قائم ہونے کے بعد نوجوانوں اور صحت مند معاشرے کی بحالی کیلئے کھیل کے گراؤنڈ تعمیر کیے جائینگے ۔

کھیل سے انسانی جسم کی نشوونما کے ساتھ ساتھ ذہنی نشوونما بھی ہوتی ہے ۔آزادخطہ کے کلچر وثقافت کواُجاگر کرنے کیلئے ہمیں اپنی روایت کو یاد رکھنا ہوگا ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے کٹھاڑ دلاور خان میں منعقدہ دلاور میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر طلعت نذیر ،راجہ اورنگزیب ،ابرار مغل ایڈووکیٹ ،ریاست محمود چوہدری ،راجہ ہارون ،ہارون بھٹی ،سمیت دیگر نوجوانوں کے علاوہ معززین علاقہ بھی موجود تھے ۔

فائنل میچ عاصم الیون اور صادق آباد الیون کے درمیان کھیلا گیا جو عاصم الیون نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 15رنز سے جیت لیا ۔راجہ اعجاز دلاور خان نے ونر اور رنر اپ ٹیم کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور پانچ ہزار روپے نقد انعام دیا ۔قبل ازیں تقریب آمد پر راجہ اعجاز دلاور خان کاشاندار استقبال کیاگیا اوران پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔ٹورنامنٹ کے میزبان نے راجہ اعجاز دلاور خان کاشکریہ اداکیا ۔

متعلقہ عنوان :