Live Updates

دہشت گردی اورتوانائی کے مسئلے پر قابو پائے بغیرپاکستان ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار نہیں ہوسکتا ‘ شہبازشریف،پاک افواج،پولیس ،سیاستدانوں اورمعاشرے کے ہر طبقے نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں نچھاور کی ہیں،پوری قوم دہشتگردی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے ایک پیج پر ہے،دہشتگردی کے ناسور کو تعلیم ،صحت اوردیگر سماجی و اقتصادی اقدامات کے ذریعے شکست دی جاسکتی ہے ،پاک افواج نے ملک کے دفاع کیلئے شاندار خدمات سرانجام دی ہیں،پاک افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور بہادری پر پوری قوم کو ناز ہے ،برطانیہ کا رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیز پاکستان سمیت مختلف ممالک کے فوجی افسروں کی تربیت میں اہم کردارادا کررہا ہے،وزیراعلیٰ پنجاب کی رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیزبرطانیہ کے 18رکنی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو ، صوبے میں عوام کی فلاح وبہبود کے لئے شہباز شریف کا ترقیاتی ویژن زبردست ہے‘ لیفٹیننٹ جنرل (ر)ڈیوڈ رابرٹ بل

منگل 27 مئی 2014 23:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مئی۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی،توانائی اوردیگر سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ دہشت گردی اورتوانائی کے مسئلے پر قابو پائے بغیرپاکستان ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار نہیں ہوسکتا ،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے چالیس ہزار قیمتی جانوں کی قربانی دی ہے، پاک افواج،پولیس ،سیاستدانوں اورمعاشرے کے ہر طبقے نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں نچھاور کی ہیں، پوری قوم ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کے لئے ایک پیج پر ہے،دہشت گردی کے ناسور کو تعلیم ،صحت اوردیگر سماجی و اقتصادی اقدامات کے ذریعے شکست دی جاسکتی ہے ،پاکستان کی مسلح افواج نے ملک کے دفاع کے لئے شاندار خدمات سرانجام دی ہیں،پاک افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور بہادری پر پوری قوم کو ناز ہے ،برطانیہ کا رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیز پاکستان سمیت مختلف ممالک کے فوجی افسروں کی تربیت میں اہم کردارادا کررہا ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیزبرطانیہ کے 18رکنی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا،جس نے منگل کے روز یہاں برطانیہ کے لیفٹیننٹ جنرل (ر)سرڈیوڈ رابرٹ بلکی قیادت میں ان سے ملاقات کی ۔رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیز برطانیہ کے وفد میں مختلف ممالک کے فوجی افسران شامل تھے ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیز کے وفد کاعظیم ملک پاکستان کے عظیم شہر لاہور میں خیر مقدم کرتے ہیں۔

رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیز میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے آرمی افسران کورسز کرتے ہیں۔پاک افواج کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی اس ادارے سے کورس کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش دہشت گردی اورتوانائی کے بحران نے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔ان مسائل کو حل کیے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔انہوں نے کہا کہ د ہشت گردی کے مسئلے کا حل اگرچہ ملٹری آپریشن بھی ہے تاہم دہشت گردی کے ناسورکا تعلیم ،صحت اورروزگار کی گولی سے بھی موثر انداز میں مقابلہ کیا جاسکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کیے ہیں ۔صوبے کے پسماندہ ترین علاقوں میں علم و دانش کے گہوارے دانش سکول قائم کیے گئے ہیں جن میں خاک آلود گلیوں کے بچے اوربچیوں کو معیاری تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔12ارب روپے کے پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے غریب خاندانوں کے ہزاروں ہونہار بچے زیور تعلیم سے آراستہ ہورہے ہیں۔

لیپ ٹاپ کی تقسیم حکومت پنجاب کا ایک اور انقلابی قدم ہے جس کے تحت اب تک ڈیڑھ لاکھ لیپ ٹاپ میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کیے گئے ہیں۔اس پروگرام کی خوش آئند بات یہ بھی ہے کہ اس میں دینی مدارس کے ذہین طالبعلموں کو بھی شامل کیے گئے ہیں۔برطانیہ کے ادارے ڈیفڈ کے اشتراک سے سکل ڈویلپمنٹ کا پروگرام صوبے کے 18اضلاع میں کامیابی سے جاری ہے جس کا دائرہ کار پورے صوبے تک بڑھایا جارہا ہے اوراس ادارے کے اشتراک سے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کےئر کاایک بڑا پروگرام بھی شروع کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی 60فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے ۔نوجوانوں کو ہنر مند ،با اختیاربنا کر روزگا ر کے مواقع فراہم کر کے تعمیری سرگرمیوں کی طرف مائل کیا جاسکتا ہے۔حکومت پنجاب نے اس جانب درست اقداما ت کیے ہیں اورنوجوانوں کو آگے بڑھنے کے بھر پور مواقع فراہم کیے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صنعت،زراعت،تعلیم ،صحت اورسماجی ترقی کے دیگر شعبوں کو مضبوط بنانے کے لئے توانائی بحران کا جلد سے جلد خاتمہ بے حد ضرور ی ہے ۔

پاکستان میں کوئلے کے وسیع ذخائر موجود ہیں اور حکومت نے ان ذخائر کو بھر پور طریقے سے استعمال میں لانے کا فیصلہ کیا ہے ۔پنجاب حکومت کوئلے سے بجلی کے حصول کے بڑے پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ ہماری مخلصانہ اورسنجیدہ کاوشوں کی بدولت ملک سے بجلی کے اندھیرے دور ہوگے اورترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم پر امن اورترقی پسند ہے، بدقسمتی سے 1980ء کی دہائی میں کمیونزم کے خلاف نام نہاد جنگ میں ہمارے معاشرے میں عدم برداشت کے رویوں نے فروغ پایا جس سے پاکستان کو نقصان پہنچا۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ پر امن معاشرے کی تشکیل کے لئے تحمل،برداشت اور اخوت کے جذبات کو فروغ دیا جائے۔پنجاب حکومت نے اپنے تعلیمی اوردیگر پروگراموں میں پاکستان کی تمام اکائیوں کو شامل کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سوات میں جدید طبی سہولتوں سے آراستہ ہسپتال بنارہی ہے اور بلوچستان میں سٹیٹ آف دی آرٹ امراض قلب کے ہسپتال کے منصوبے پر کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے یہ اقدامات بلاشبہ قومی یکجہتی کے عمل کو مستحکم بنارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم اگرچہ معاشی لحاظ سے انتہائی اہم منصوبہ ہے تاہم اس منصوبے پر اس وقت تک کام نہیں کیا جاسکتا جب تک تمام صوبے اس پر متفق نہ ہوں۔انہوں نے وزیراعظم نواز شریف کے دورہ بھارت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے دوستانہ اورپر امن تعلقات کا خواہاں ہیں۔

جنگوں نے تباہی ،غربت ،افلاس اور بیماری کے سوا کچھ نہیں دیا۔دونوں ملکوں کو ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہوگا۔کشمیر،پانی ،سیاچن اوردیگر مسائل کے حل کے لئے بامقصد مذاکرات ضروری ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اوربھارت کو غربت ،جہالت اوربے روزگاری جیسے یکساں مسائل کا سامنا ہے اور دونوں ملکوں کو اپنے باہمی تنازعات کو مل بیٹھ کر حل کر کے وسائل خطے کی ترقی اورخوشحالی پر صرف کرنا ہوں گے اور وزیراعظم محمد نوازشریف کا حالیہ دورہ بھارت اسی سلسلے کی کڑی ہے،دونوں ملکوں نے تجارت کو فروغ دینے کے ساتھ اپنے باہمی تنازعات بامقصد بات چیت سے حل کرنے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ غیر ملکی امداد سے کوئی ملک ترقی یافتہ اور خوشحال نہیں ہوسکتا ۔پاکستان نے آگے بڑھنا ہے تو اپنے پاوٴں پر کھڑا ہونا ہوگا۔اپنے وسائل کو ترقی دینا ہوگی۔ سادگی،کفایت شعاری،انتھک محنت کے ذریعے پاکستان ایک دن اقوام عالم میں کھویا ہومقام ضروری حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دوست ممالک کے تعاون ،انتھک کاوشوں،سخت محنت اورجدوجہد سے مسائل کی دلدل سے ضرور نکلے گااور ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

برطانیہ کے لیفٹیننٹ جنرل (ر)ڈیوڈ رابرٹ بل نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں عوام کی فلاح وبہبود کے لئے شہباز شریف کا ترقیاتی ویژن زبردست ہے۔ صوبے کی ترقی کے لئے پنجاب حکومت کے اٹھائے گئے اقدامات قابل تعریف ہیں۔قبل ازیں چےئرمین منصوبہ بندی ترقیات نے پنجاب حکومت کے ترقیاتی اہداف،ترقیاتی ویژن،چیلنجز،ترقیاتی منصوبوں،ترقیاتی ترجیحات اوراقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے وفد کے اراکین کے مختلف موضوعات پر پوچھے گئے سوالات کے تسلی بخش جواب دےئے۔صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، کرنل (ر) شجاع خانزادہ، رانا مشہود احمد، بیگم ذکیہ شاہنواز، حمیدہ وحیدالدین، ارکان صوبائی اسمبلی ،معاون خصوصی عزم الحق، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، انسپکٹر جنرل پولیس، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات