وکی پیڈیا پر موجود طبی معلومات میں غلطیاں ہوتی ہیں ، محتاط رہنا چاہیے ، طبی ماہرین

بدھ 28 مئی 2014 14:48

وکی پیڈیا پر موجود طبی معلومات میں غلطیاں ہوتی ہیں ، محتاط رہنا چاہیے ..

لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28مئی 2014ء)طبی ماہرین کے ایک جریدے نے مشورہ دیا ہے کہ وکی پیڈیا پر موجود طبی معلومات میں غلطیاں ہوتی ہیں اس لیے ان کے بارے میں محتاط رہنا چاہیے۔طبی تحقیقات کو شائع کرنے والے دی جرنل نامی امریکی جریدے میں جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ وکی پیڈیا پر دل کے امراض، پھیپھڑوں کے کینسر، ڈپریشن اور ذبابیطس کے بارے میں دے جانے والی دس میں سے نو معلومات کے بارے میں انتہائی احتیاط سے کام لینا چاہیے۔

اس ادارے کی برطانوی شاخ وکی پیڈیا یو کے کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی اہم مسئلہ ہے کہ اور جن لوگوں کو طبی معاملات پر تشویش ہو انھیں پہلے اپنے جی پی (ڈاکٹر) کے پاس ہی جانا چاہیے۔وکی پیڈیا، ایک آن لائن انسائیکلوپیڈیا ہے جس پر 285 زبانوں میں تین کروڑ مضامین ہیں۔

(جاری ہے)

اس انسائیکلوپیڈیا کی تدوین میں کوئی بھی شامل ہو سکتا ہے۔انٹرنیٹ پر وکی پیڈیا مقبولیت کے اعتبار سے چھٹے نمبر پر ہے اور مذکورہ بالا رپورٹ میں اس بات کا اعتراف کیا گیا کہ طبی شعبے سے تعلق رکھنے والے اور طالب علموں کی 70 فیصد تعداد وکی پیڈیا کا استعمال کرتے ہیں۔

امریکہ سے تعلق رکھنے والے دس محققین نے انٹرنیٹ پر کمر، جوڑوں کا پرانا درد اور سانس کے امراض کے بارے میں انٹرنیٹ پر موجود مضامین کو تلاش کیا۔محققین نے انٹریٹ موجود مضامین کو چھاپ کر ان کا تجزیہ کیا تو معلوم ہوا کہ ان مضامین میں 90 فیصد معلومات جدید تر طبی تحقیقات کا الٹ ہیں۔شمالی کیرولائنا میں ویلس سکول سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر رابرٹ ہیسٹی کا کہنا ہے کہ اگر آپ کو کوئی تحقیق کرنی ہو تو وکی پیڈیا انتہائی آسان ترین ذریعہ ہے تاہم مریضوں اور صحتِ عامہ کے حوالے سے اسے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔وکی پیڈیا برطانیہ کے سٹیو بینٹن کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ وکی پیڈیا پر موجود مضامین میں بہتری کی بہت گنجائش ہے اور بہتری کا کام جاری بھی رہتا ہے۔