یکم جون سے بیرون ملک سفر کرنیوالے پاکستانیوں کیلئے پولیو سرٹیفکیٹ لازمی قرار

بدھ 28 مئی 2014 21:30

یکم جون سے بیرون ملک سفر کرنیوالے پاکستانیوں کیلئے پولیو سرٹیفکیٹ ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مئی۔2014ء) عالمی ادارہ صحت نے یکم جون سے بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں پر پولیو ٹریول سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے یکم جون سے بیرون ملک جانےوالے پاکستانیوں کے لیے پولیو ٹریول سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی بھی پاکستانی کو بیرون ملک سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔

عالمی ادارہ صحت کی ہدایت کے بعد حکومت سندھ نے یکم جون سے امیگریشن کاؤنٹر پر ڈاکٹرز کی ٹیمیں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق مطابق ڈاکٹرز کی ٹیمیں پولیو ٹریول سرٹیفکیٹ کی جانچ پڑتال کے لئے 24 گھنٹے امیگریشن کاؤنٹر پر تعینات رہیں گی جبکہ پولیو ٹریول سرٹیفکیٹ سرکاری اسپتالوں اور بچوں کےٹیکہ جاتی مراکز سے باآسانی مفت حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ لاہور کے علاقے بندر روڈ اور سمن آباد میں موجود گندے نالوں سے لیے گئے نمونوں میں پولیو وائرس موجود ہے، ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کے بعد محکمہ صحت پنجاب میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جس کےبعد محکمہ صحت کی جانب سے شہر میں ایک مرتبہ پھر 2جون سے انسداد پولیو مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے بلوچستان کے گندے نالوں میں بھی پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق کی تھی اور اس سے 22 لاکھ بچوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :