لندن: ڈاکٹروں نے ایم کیو ایم کے الطاف حسین کی صحت تسلی بخش قرار دے دی

جمعہ 6 جون 2014 14:13

لندن: ڈاکٹروں نے ایم کیو ایم کے الطاف حسین کی صحت تسلی بخش قرار دے دی

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6جون 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی اینجیو گرافی کی ابتدائی رپورٹ کے تحت معالجین نے ان کی طبیعت کو تسلی بخش قرار دے دیا ہے۔ لندن کے ویلنگٹن اسپتال میں زیر علاج ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی گزشتہ روز کی جانے والی اینجیو گرافی کی رپورٹس ڈاکٹروں کو موصول ہوگئی ہیں جنہیں دیکھتے ہوئے ان کے معالجین نے ان کی طبیعت تسلی بخش قرار دے دی ہے۔

(جاری ہے)

یہ میڈیکل رپورٹس اب اسکاٹ لینڈ یارڈ اور الطاف حسین کی قانونی ٹیم کو فراہم کی جائے گی، جنھیں دیکھتے ہوئے لندن میٹروپولیٹن پولیس انہیں اسپتال میں ہی رکھنے یا پوچھ گچھ کے لئے پولیس اسٹیشن لےجانے کا فیصلہ کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ الطاف حسین کو آج شام کسی وقت اسپتال سے فارغ کردیا جائے جس کے بعد انہیں پولیس اسٹیشن منتقل کردیا جائے گا، جہاں پولیس منی لانڈرنگ کیس میں ان کا بیان ریکارڈ کرے گی۔

واضح رہے کہ منگل کو لندن پولیس نے الطاف حسین کو منگل کے روز منی لانڈرنگ کیس میں حراست میں لیا تھا تاہم ان کی خراب طبیعت کو دیکھتے ہوئے انھیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔