پنجاب کا ترقیاتی بجٹ خیبر پختوانخوا سے24فیصد‘ تعلیم اور صحت چھ ،چھ فیصدزیادہ‘پنجاب اور کے پی کے بجٹ کا تقابلی جائزہ ،تعلیم کیلئے پنجاب کا بجٹ 27.3فیصد، خیبرپختونخوا 21.49فیصد‘ صحت کیلئے خیبرپختونخوا کابجٹ 6.17 فیصد ،پنجاب 12.1 فیصد مختص،خیبر پختونخوا کی میٹرو ،لینڈ ریکارڈ ،سکالر شپ اور بچت بازار سمیت دیگر کئی منصوبوں میں پنجاب کی تقلید

اتوار 15 جون 2014 13:55

پنجاب کا ترقیاتی بجٹ خیبر پختوانخوا سے24فیصد‘ تعلیم اور صحت چھ ،چھ ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جون۔2014ء) خیبرپختونخوا ہ میں تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے اپنے انتخابی نعرے کے برعکس تعلیم اور صحت سمیت دیگر اہم شعبوں میں پنجاب کی نسبت کم فنڈز مختص کئے۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا ہ کے بجٹ کا تقابلی جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ پنجاب کا مجموعی بجٹ 1000.44 ارب روپے جبکہ خیبرپختونخوا ہ کا مجموعی بجٹ 404.8 ارب رو پے ہے۔

حکومت پنجاب نے تعلیم کے لئے بجٹ میں مجموعی طور پر 273 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی جو مجموعی بجٹ کا 27.3 فیصد ہے جبکہ کے پی کے حکومت نے تعلیم کے لئے 87 ارب روپے مختص کئے جو مجموعی بجٹ کا21.49 فیصد ہے۔ تعلیم کے لئے پنجاب کا بجٹ کے پی کے سے 5.81 فیصد زیادہ ہے۔حکومت پنجاب نے صحت کے لئے 121 ارب روپے مختص کئے جو مجموعی بجٹ کا 12.1 فیصد ہے جبکہ خیبرپختونخوا ہ نے صحت کے لئے 25.72 ارب روپے مختص کئے جو مجموعی بجٹ کا 6.17 فیصد ہے۔

(جاری ہے)

صحت کے لئے پنجاب کا بجٹ خیبرپختونخوا ہ سے 5.93 فیصد زیادہ ہے۔ اسی طرح زراعت کے شعبہ میں حکومت پنجاب نے 14.97ارب روپے مختص کئے جو مجموعی بجٹ کا 1.49فیصد ہے جبکہ خیبرپختونخوا ہ میں 1.58 ارب روپے مختص کئے جو مجموعی بجٹ کا 0.39 فیصد ہے۔ زراعت کے لئے پنجاب کا بجٹ 1.10 فیصد زیادہ ہے۔ اسی طرح سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے خیبرپختونخوا ہ میں مجموعی طور پر 47.80 ارب روپے مختص کئے جو مجموعی بجٹ کا 3.01 فیصد ہیں۔

جبکہ پنجاب حکومت نے ترقیاتی پروگرام کے لئے 345 ارب روپے مختص کئے جو مجموعی ترقیاتی بجٹ کا 34.5 فیصد ہیں۔ اس طرح پنجاب کا ترقیاتی بجٹ خیبرپختونخوا ہ سے 24.7 فیصد زیادہ ہے۔ ترقیاتی پروگرام کے لئے پنجاب کا بجٹ خیبرپختونخوا ہ سے 24.70 فیصد زائد مختص کیا گیا ہے۔ ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے شعبے میں حکومت پنجاب نے 110.96 ارب روپے مختص کئے جو مجموعی بجٹ کا 11.09 فیصد ہیں جبکہ ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے لئے خیبرپختونخوا ہ حکومت نے 12.2 ارب روپے ہیں جو مجموعی بجٹ کا 3.01 فیصد ہے۔

اسی طرح ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے شعبے میں پنجاب کا بجٹ خیبرپختونخوا ہ سے 8.08 فیصد زیادہ ہے۔پنجاب کے ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے لئے بجٹ میں اسلام آباد میٹروبس کے لئے 41.4 ارب روپے مختص کئے گئے جبکہ میٹروبس ملتان کے لئے 30 ارب روپے مختص کئے گئے۔ مواصلات کے شعبے کے لئے 39 ارب 56 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی۔ خیبرپختونخوا ہ میں پشاور کے لئے 29 ارب روپے کے 69ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا گیا‘ جس میں پشاور ماس ٹرانزٹ منصوبے کے لئے 12 ارب روپے بھی شامل ہیں۔

یہ امر دلچسپی سے خالی نہیں کہ خیبرپختونخوا ہ حکومت نے متعدد منصوبوں میں حکومت پنجاب کی تقلید کی۔ جن میں میٹروبس کا منصوبوں‘ لینڈریکارڈ کمپیوٹرائزیشن‘ طلبا کے لئے سکالرشپ‘ شہروں میں بچت بازار کے منصوبے‘ شمسی توانائی سے چلنے والے واٹرپمپس کامنصوبہ ‘ صاف پانی اور ہیلتھ انشورنس سمیت متعدد منصوبے شامل ہیں۔