لاہور‘ سروسزہسپتال میں مریض سے ملنے آئے افراد کا 3 سیکورٹی گارڈز پر تشدد ‘ ایک کی حالت تشویش ناک

پیر 16 جون 2014 13:15

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16جون 2014ء) لاہور میں سروسزہسپتال کے تین سیکورٹی گارڈز کو مریض سے ملنے آئے افراد نے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، ایک سیکورٹی گارڈ کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار تین افراد اسپتال ایک مریض سے ملنے آئے اور موٹر سائیکل غلط جگہ پارک کی تو سیکورٹی گارڈز نے انہیں منع کیا، جس پر وہ مشتعل ہو گئے اور اپنے دیگر ساتھیوں کو وہاں بلا لیا جنہوں نے وہاں پر موجود تینوں سیکورٹی گارڈز کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور 5 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ ان کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ شدید زخمی سیکورٹی گارڈز کو طبی امداد دی گئی جبکہ نواز نامی گارڈ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔