حکومت پاکستان کو اعلی معیاری ادویات کی تیاری اور برآمد کا مرکز بنانے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے، وزیراعظم شوکت عزیز ،فارما سیوٹیکل شعبے کو مزید ڈی ریگولیٹ کیا جائیگا ، فارما سیوٹیکل انڈسٹری کی ترقی کیلئے بلائے گئے اجلاس سے خطاب

پیر 23 اپریل 2007 17:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23اپریل۔2007ء ) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کو اعلی معیاری ادویات کی تیاری اور برآمد کا مرکز بنانے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے متعلقہ قواعد و ضوابط کو بہتر بنایا جارہا ہے ڈرگس ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کے منصوبے کو حتمی شکل دی جارہی ہے جس سے فارما سیوٹیکل شعبہ بہتر ہوگا ۔فارما سیوٹیکل شعبے کو مزید ڈی ریگولیٹ کیا جائیگا ۔

پیر کو یہاں فارما سیوٹیکل انڈسٹری کی ترقی کا جائزہ لینے کیلئے بلائے گئے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا کہ موثر انٹلکچوئل پراپرٹی رائٹس آرگنائزیشن کا صنعتوں کی ترقی اور فروغ میں ا ہم کردار ہے تاکہ تمام مصنوعات کی تیاری کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جاسکے ۔

(جاری ہے)

اس ادارے کے قیام سخت قوانین کے نفاذ، ادویات اور پیٹینٹس کی رجسٹریشن کا عمل مربوط بنایا گیا ہے جس سے فارما سیوٹیکل انڈسٹری میں غیر معمولی بہتری آئے گی اور پاکستان ادویات کی برآمد میں اضافہ کرسکے گا ۔

وزیر اعظم نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں اعلی معیاری میڈیکل ریسرچ کو فروغ دیا جائے اس مقصد کیلئے صنعتی اور تعلیمی شعبہ مل کر کام کرے ۔تاکہ ملک میں ریسرچ کے کلچر کو فروغ دیا جاسکے ۔ وزیر اعظم نے ملک میں تحقیقی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے وزارت صحت کو مکمل منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ وزارت صحت فارما سیوٹیکل انڈسٹری کے ساتھ مل کر تحقیق کے فروغ پر کام کرے اور یہ تحقیق مقامی سطح پر ہونی چاہیے تاکہ عالمی سطح پر بھی اس مقصد کیلئے دستیاب وسائل سے استفادہ کیا جاسکے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میکرو اکنامک استحکام اور ترقی کی رفتار تیز ہونے سے سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے حکومت فارما سیوٹیکل انڈسٹری اور میڈیکل سروسز کے شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کررہی ہے اور اس شعبے کو مزید ڈی ریگولیٹ کیا جائے گا وزیر صحت محمد نصیر خان نے اجلاس کو ان اقدامات سے آگاہ کیا جو سرمایہ کاروں کی سہولت، رجسٹریشن کاعمل مربوط بنانے اور ترقی کے فروغ کیلئے کئے گئے ہیں ۔ اجلاس میں وزیر صحت سمیت صدر امریکن بزنس کونسل اور چیئرمین و ایم ڈی پارک ڈیوس، چیئرمین اے بی سی فارما سیوٹیکل سب کمیٹی، ایم ڈی وائیتھ ارشد رحیم خان، چیئرمین اے بی سی آئی پی آر سب کمیٹی و ایم ڈی مرک شارپ سمیت دیگر حکام شریک ہوئے ۔