پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا میگاپراجیکٹ تیار کیا ہے، نئے مالی سال میں 5 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں:شہبازشریف

عوام کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے آئندہ چار برس کے دوران پنجاب بھر میں صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے،صنعتوں کے آلودہ پانی کی ٹریٹمنٹ کیلئے جدید پلانٹس کی تنصیب انتہائی ضروری ہے، وزیراعلیٰ کی بین الاقوامی واٹر کمپنی کے صدر سے گفتگو

جمعرات 19 جون 2014 21:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جون۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے میگاپراجیکٹ تیار کیا ہے۔ نئے مالی سال کے بجٹ میں صاف پانی پراجیکٹ کیلئے 5 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ عوام کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی نہایت ضروری ہے اور یہی وجہ ہے کہ آئندہ چار برس کے دوران پنجاب بھر میں صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا ہدف مقرر کیا گیاہے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار پینے کے صاف پانی اور واٹر ٹریٹمنٹ سے متعلق بین الاقوامی کمپنی ”اینٹا“ (ENTA) کے صدر اوزی سیزر (Mr. Uzi Sezer) سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے اور صنعتوں کے آلودہ پانی کی ٹریٹمنٹ کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے مربوط پروگرام پر مرحلہ وار عمل کر رہی ہے۔

پہلے مرحلے میں پنجاب کے مختلف علاقوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جا رہے ہیں اور آئندہ چار برس تک ہر شہری تک پینے کی صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔صنعتوں کے آلودہ پانی کی ٹریٹمنٹ کیلئے جدید پلانٹس کی تنصیب انتہائی ضروری ہے۔ ترکی کی واٹر ٹریٹمنٹ کے بارے میں بین الاقوامی کمپنی کی جانب سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور انڈسٹریل ویسٹ واٹر کی ٹریٹمنٹ کیلئے تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اور اس اہم مقصد کے حصول کے لئے صوبے کے ہر شہری کو آئندہ چار برس کے دوران پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا ٹارگٹ مقرر کیاگیا ہے ۔ صاف پانی پراجیکٹ قومی نوعیت کا انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جس کا براہ راست تعلق عوام کی صحت سے جڑا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کے آلودہ پانی کی ٹریٹمنٹ کے حوالے سے بھی بین الاقوامی کمپنی تعاون کر سکتی ہے۔صوبائی وزیر ہاوٴسنگ تنویر اسلم ملک ،چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،متعلقہ سیکرٹریز، ڈی جی ایل ڈی اے اور پنجاب صاف پانی کمپنی کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :