صوبائی بجٹ میں صحت اور تعلیم کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ،تمام تر فائدہ غریب اور نادار افراد کو ہوگا ،وزیر صحت بلوچستان

جمعرات 19 جون 2014 22:48

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جون۔2014ء) صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ صوبائی بجٹ میں صحت اور تعلیم کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے جس کا تمام تر فائدہ براہ راست ان غریب اور نادار افراد کو ہوگا جوسرکار کے تحت چلنے والے ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں پر انحصارکرتے ہیں صوبائی حکومت نے اچھی طرز حکمرانی کے بنیادی اصولوں پر عمل پیراں ہونے کا تسلسل جاری رکھا ہوا ہے اور سرکاری وسائل سے غیر ضروری اخراجات ختم کرکے اسے عوام کی بہبود کے منصوبوں پر خرچ کرنے کی حکمت عملی اپنائی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو صوبائی بجٹ پر اپنے تاثرات میں کیا ۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ بجٹ میں کوئی چیز خفیہ نہیں رکھی گئی اور تمام اخراجات تصریحات کے ساتھ ظاہر کئے گئے ہیں اور وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے برملا طور پر کہا ہے کہ بجٹ دستاویزپبلک ڈاکومنٹ ہے جس تک اب ہر فرد کی رسائی ممکن ہے ہم نے بجٹ میں خفیہ مدات کا خاتمہ کرکے ٹرانسپرنسی کے وعدوں کو عملی جامع پہنایا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی بجٹ کو عوامی مفادات کے منافی قرار دینا افسوسناک امر ہے اور ایسی تنقید کرنے والے معزز ساتھیوں کو ماضی کی اپنی ان بجٹ دستاویزات کا موازنہ اس بجٹ سے ضرور کرنا چاہئے جہاں بلیک ہول میں اتنی بڑی قومات مختص کی جاتی تھیں جن کا کوئی جواز نہیں ہوتا تھا ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی رواداری اور بہتر پارلیمانی ماحو ل کو یقینی بنانے کیلئے ہم تنقید برائے تنقید نہیں کرنا چاہتے تاہم ماضی اور موجودہ حکومت کی کارکردگی ٹرانسپرنسی اور ڈلیوری کے عوام خود بہتر مصنف ہیں۔

متعلقہ عنوان :