صحت سے متعلق مہم کے دوران ضلع غربی میں سیکیورٹی پلان پر از سرنو غور کیا جائیگا

جمعہ 20 جون 2014 21:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین20۔جون۔2014ء) ڈپٹی کمشنر آفس ضلع غربی کے انتظامی افسران نے ضلع میں محکمہ صحت کے تحت جاری حفاظتی ٹیکوں و پولیو مہم سمیت ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مختلف منصوبوں کی تکمیل کے لئے سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہر ممکن یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع غربی میں اس حوالے سے سیکیورٹی پلان پر از سرنو غور کیا جائیگا اور مئوثرحکمت عملی اپنائی جائے گی جبکہ ضلع غربی کوصحت کے حوالے سے ماڈل ضلع بنایا جائیگا۔

جمعرات کے روز ضلع غربی میں محکمہ صحت کے تحت جاری حفاظتی ٹیکوں و پولیو مہم سمیت ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے جاری صحت عامہ کے پروجیکٹ کا جائزہ لینے کے لئے ٹاؤن ہیلتھ آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرI غربی شجاعت حسین ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر II غربی اسحاق گاڈ ،اسسٹنٹ کمشنر اورنگی ٹاؤن حشام مظہر ، متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سند ھ اسمبلی مظاہر امیر ،ٹاؤن ہیلتھ آفیسر اورنگی و بلدیہ ڈاکٹرشفیق احمد،ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندوں ڈاکٹر عبدالصمد ،ڈاکٹر سہیل بن سعید قاری طلحہ ،اور بلال خالد سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ٹاؤن ہیلتھ آفیسر اورنگی و بلدیہ ڈاکٹرشفیق احمدنے حفاظتی ٹیکہ جات برائے سال2014ء کی اب تک کی جائزہ رپورٹ پیش کی ۔انہوں نے بتایا کہ ضلع غربی میں حفاظتی ٹیکہ جات سمیت خسرہ اور پولیو مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے تاہم ضلع غربی کے اندرون حساس علاقوں میں حفاظتی ٹیکہ جات اور پولیو مہم کے دوران مشکلات کا سامنا بھی ہے اور ہیلتھ ورکز حساس علاقوں میں اپنی ذمہ داریاں جان ہتھیلی پر رکھ کر سرانجام دے رہے ہیں لیکن میں ایک کپتان کی حیثیت سے ان کے شانہ بشانہ رہنے کو ہم اپنی ذمہ داری سمجھتا ہوں اس ضمن میں سکیورٹی اداروں کی جانب سے مزید تعاون درکار ہے تاکہ ہم مستقبل کے معماروں کو موذی بیماریوں سے پاک زندگی دے سکیں۔

اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر II غربی اسحاق گاڈ نے ضلع غربی میں حفاظتی ٹیکوں و پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی کے مئوثر انتظامات کرانے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ صحت سے متعلق کسی بھی مہم کے حوالے سے سیکورٹی پلان کااز سرنو جائزہ لیا جائیگا اور مئوثرسیکورٹی پلان بھی تشکیل دیا جائے گا اور متعلقہ تھانو ں کو پابندکیا جائیگا کہ وہ ہیلتھ ورکز کو مکمل سیکیورٹی فراہم کریں انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ آنیوالے دنوں میں حفاظتی ٹیکوں اور پولیو مہم سمیت دیگر فلاحی منصوبوں کے ذریعے معاشرے میں بہتری لانے کی کوششیں کار آمد ثابت ہوں گی ۔

اس موقع متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سند ھ اسمبلی مظاہر امیرنے کہا کہ آئندہ نسلوں کو موذی امراض سے بچانے کے لئے ہمیں مشترکہ جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے اور ضلع غربی ہی نہیں بلکہ پورے سندھ میں اسی طرز پر سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح بیرون ملک سفر پر پولیو سرٹیفیکٹ کولازمی قرار دیا گیا ہے اسی طرح پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بنوانے پر بھی مختلف موذی امراض سے بچاؤ کا سرٹیفیکٹ لازمی قرار دیا جائے ۔