ڈی سی او قصور کے زیر صدارت ڈینگی تدارک کے سلسلے میں تمام ڈیپارٹمنٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس

ہفتہ 21 جون 2014 17:44

قصور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جون۔2014ء) ڈی سی او قصور سید جاوید اقبال بخاری کے زیر صدارت ڈینگی تدارک اور اسکی روک تھام کے سلسلے میں تمام ڈیپارٹمنٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس گزشتہ روز ڈی سی او کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام ضلعی افسران نے شرکت کی ۔ڈی سی ا و نے اجلاس میں ڈینگی مشتبہ کیسز اور ڈینگی کنفرم کیسز کی تفصیل معلوم کی جس پر ای ڈی او ہیلتھ قصور نے بتایا کہ اس ہفتہ ٹی ایچ کیو ہسپتال چونیاں میں ایک مشتبہ کیس رپورٹ ہوا ہے اور اسی طرح اب تک مشتبہ کیسز کی کل تعداد 11ہو گئی ہے جن میں زیادہ تر کیسز تحصیل چونیاں اور پتوکی سے ہیں اور ابھی تک ضلع بھر میں ڈینگی کا کوئی کنفرم کیس رپورٹ نہیں ہواجس پر ڈی سی او قصور نے اطمینان کا اظہار کیا ۔

ڈی سی او نے ڈینگی کے حوالے سے ای ڈی او فنانس اینڈ پلاننگ کی واک کی تصاویر دیکھیں جس پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس قسم کی ڈینگی واک سے بہتر ہے کہ نہ ہی کی جائے جس سے واک کا مقصد پورا نہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام محکمہ جات کو ہدایت کی کہ ڈینگی آگاہی واک میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے اور واک شہر کے اندرونی علاقوں میں کیجائے تا کہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ آگاہی حاصل ہو۔

اجلاس کو اینٹا مالوجسٹ قصور نے ویٹرنری ہسپتال چونیاں ‘الائیڈ سکول چونیاں ‘ستلج سٹیڈیم چونیاں ، نیا لاری اڈاچونیاں اور ریلوے پھاٹک پتوکی کی سرویلنس رپورٹ تصاویر کے ساتھ دیکھائی جس پر ڈی سی او قصور سید جاوید اقبال بخاری نے سخت ایکشن لیتے ہوئے ان اداروں کے سربراہان کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا جبکہ بھائی بھائی کباڑ خانہ پیر جہانیاں چوک چونیاں ، معراجدین کباڑ خانہ اڈا تلونڈی ، شکیل خاں کباڑ خانہ مصطفی آباد ، شیخ علم دین کباڑ خانہ کوٹ رادھا کشن کی سرویلنس رپورٹ تصاویر کیساتھ پیش کیں جس پر ڈی سی او نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ، ٹی ایم اوز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ متعلقہ کباڑ خانوں کو وزٹ کریں اور اگر ضروری سمجھیں تو ان کو سیل کر کے انکے خلاف ایف آئی آر درج کروائیں ۔

اجلاس میں 2013-14میں کی گئی سرگرمیوں کا موازنہ کیا گیا جس پر ڈی سی او نے عدم اطمینان کا اظہار کیا اور تمام محکمہ جات کو ہدایت کہ 30سرگرمیوں کی لسٹ محکمہ صحت سے حاصل کریں اور اس کے مطابق جہاں کمی ہے اس کو پورا کیا جائے ۔ آئندہ میٹنگ میں ہر محکمے کی ڈینگی سرگرمیوں کی رپورٹ کو تفصیل سے دیکھا جائیگا۔انہوں نے ڈینگی سرویلنس پر زور دیتے ہوئے کہا کہ الحمداللہ ابھی تک ضلع قصور سے کسی کنفرم کیس کا رپورٹ نہ ہونا ہم سب کی کامیابی ہے لیکن یاد رکھیں کہ آئندہ ماہ میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہونیوالا ہے اور بارشیں لاروا مچھر کی افزائش کیلئے ایک ساز گار ماحول مہیا کرتی ہیں لہذا ہمیں آئندہ مہینے سے بہت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہو گی اور ڈینگی مکاؤ سرگرمیوں کو زیادہ زور شور اور احتیاط سے جاری رکھنا ہو گااور ان سرگرمیوں میں اضافہ کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :