پیپلزڈاکٹرز فورم نے خون کے 4ہزار عطیات ہیمو فیلیا اور تھیمیسیلیا کے مریضوں کو فراہم کردیئے

جمعہ 27 جون 2014 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7 2جون 2014ء) پاکستان پیپلزپارٹی اور پیپلزڈاکٹرزفورم نے محکمہ صحت کے اشتراک سے کراچی سمیت صوبے کے چار اضلاع میں 21جون کو بے نظیر بھٹو کے 61ویں یوم پیدائش کے موقع پر جمع ہونے والے خون کے عطیات ہیموفیلیا اور تھیلیسیمیا کے 4ہزار سے زائد مریضوں کو ایک ہی دن میں محفوظ طریقے سے فراہم کردیئے ۔ان مریضوں میں خون کی منتقلی جدید طریقہ کار کے مطابق کی گئی ۔

پیپلزڈاکٹرز فورم کے صدر سینیٹرڈاکٹر کریم خواجہ کا کہنا ہے کہ یہ اپنی نوعیت منفرد ایونٹ ہے ،جس میں ایک روز میں اتنی بڑی تعداد میں ہیموفیلیا اور تھیلیسیمیا کے مریضوں میں اسکریننگ شدہ خون محفوظ طریقے سے منتقل کیا گیا ۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ ورلڈ ریکارڈ ہے ۔اس ورلڈ ریکارڈ میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں درج کرانے کے لیے ان کی انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا ہے اور ان اس حوالے سے تمام تفصیلات مہیا کردی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

امید ہے کہ یہ ایونٹ ورلڈ ریکارڈ میں شامل کرلیا جائے گا ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی اورپیپلزڈاکٹرز فورم نے محکمہ صحت سندھ کے تعاون سے بے نظیر بھٹو کے 61ویں یوم پیدائش کے موقع پر خون کے عطیات دینے کی 3روزہ مہم کے دوران جمع ہونے والے خون کے عطیات کی ہیموفیلیا اور تھیلیسیمیا کے مریضوں میں منتقلی کے لیے جمعہ کو کراچی ایکسپو سینٹر میں ایک میگا ایونٹ منعقد کیا گیا ،جس میں صبح 9بجے سے رات 9بجے تک ان امراض میں مبتلا مریضوں کو خون کی فراہمی کی گئی ۔

اس کے علاوہ یہ ایونٹ سکھر ،بدین اور بے نظیر آباد (نواب شاہ) میں منعقد کیے گئے ۔کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد اس ایونٹ میں نجی بلڈ بینکس ،ہیموفیلیا اور تھیلیسیمیا کے لیے کام کرنے والی این جی اوز اور محکمہ صحت کے ماتحت چلنے والے ادارے سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی نے پیپلزڈاکٹرز فورم کے تحت انتظامات کیے تھے ۔اس میگا ایونٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے پیپلزڈاکٹرز فورم کے صدر ڈاکٹر کریم خواجہ نے کہا کہ تین روزہ خون کے عطیات جمع کرنے کی مہم میں صوبے بھر میں 28300سے زائد بلڈ بیگس جمع کیے گئے ۔

انہوں نے بتایا کہ تمام جمع ہونے والے خون کے عطیات کی اسکریننگ کی گئی اور اس عمل کے بعد محفوظ خون کے 5ہزار بیگس مختلف اسپتالوں کو فراہم کردیئے گئے ہیں۔جبکہ آج کے اس ایونٹ میں کراچی میں 2ہزار سے زائد جبکہ دیگر تین مقامات پر تقریباً 2ہزار ہیموفیلیا اور تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کو محفوظ خون منتقل کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایاکہ خون کے یہ عطیات پاک فوج کو بھی فراہم کیے جائیں گے ۔

اس کے علاوہ جو خون کے بیگس بچ جائیں گے انہیں 15دن بعد دوبارہ ہیمو فیلیا اور تھیلیسیمیا کے مریضوں کو فراہم کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا منفرد ایونٹ ہے ،جس میں بیک وقت 4ہزار مریضوں کو محفوظ خون منتقل کیا گیا ہے ۔اس موقع پر پیپلزپارٹی سندھ کے سیکرٹری جنرل سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کی شکر گذار ہے ،جنہوں نے بے نظیر بھٹو کے یوم پیدائش کے موقع پر بڑی تعداد میں خون کے عطیات دیئے ۔

خون کے عطیات دے کر عوام نے ثابت کیا ہے کہ آج بھی ان کی مقبول ترین رہنما شہید بے نظیر بھٹو ہیں ۔ہم شہید بی بی کے وژن کے مطابق عوام کی خدمت جاری رکھیں گے اور اس ملک کو محفوظ اور خوشحال بنانے کے ساتھ ساتھ جمہوریت کی مضبوطی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ تھیلیسیمیا اور ہیمو فیلیا کے حوالے سے آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے جو قانون پاس کیا گیا ہے اس پر عملدرآمد ہونا چاہیے ۔

اس موقع پر سیکرٹری صحت اقبال درانی نے کہا کہ محکمہ صحت کی کوشش ہے کہ خون کی منتقلی کے حوالے سے جو سہولیات ہیں ان میں مزید جدت لائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ہیمو فیلیا اور تھلیسیمیا کے مرض میں مبتلا افراد کو خون کی شدید ضرورت ہوتی ہے ۔اس طریقے کے ایونٹ کے انعقاد سے ان مریضوں کو بہت فائدہ حاصل ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کوشش کررہا ہے کہ شادی سے قبل تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کالازمی ٹیسٹ کرانے کے حوالے سے جو قانون سازی کی گئی ہے اس پر موثر عملدرآمد کرایا جائے اور لازمی ٹیسٹ کے حوالے سے نکاح نامے میں اس کالم درج ہو ۔

انہوں نے کہا کہ اگر عوام کا تعاون حاصل ہوگا تو ہم اس معاملے میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں ۔میگا ایونٹ کے دوران ہیموفیلیا اور تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا افراد خصوصاً بچوں کے ہمراہ ان کے والدین بھی آئے ہوئے تھے ،جنہوں نے خون کی منتقلی کے اس ایونٹ کے انعقاد پر متنظمین کا شکریہ ادا کیا ۔سینیٹر کریم خواجہ کا کہنا تھا کہ اس طریقے کے ایونٹ کا انعقاد آئندہ بھی جاری رہے گا ۔