سوات میں ابھی ڈینگی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا

جمعہ 27 جون 2014 20:48

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7 2جون 2014ء) خیبر پختونخوا کے سنیئر وزیر برائے صحت شہرام خان تراکئی کی خصوصی ہدایات پر ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر عبدالوحید برکی ، ملیریا کنٹرول پروگرام خیبر پختونخوا کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر فہیم اور محکمہ صحت کے دیگر متعلقہ حکام نے ڈینگی کی صورتحال کاجائزہ لینے کے لئے جمعہ کے روز بٹ خیلہ اور سوات کے ہسپتالوں کا دوہ کیا جہاں انہوں نے سامنے آنے والے ڈینگی کے مشتبہ کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا ۔

اس ساری صورتحال کاتجزیہ کرنے کے بعد ملیریا کنٹرول پروگرام کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر فہیم نے اپنے ایک وضاحتی بیان میں کہاکہ سوات میں چار افراد کو ڈینگی بخارکے شُبے میں مقامی ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا جن میں سے دو مقامی افرادکو معمول کا بخار تھا جو علاج کے بعد صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو چلے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

باقی دو مریض ہسپتال میں داخل ہیں جن میں سے ایک ملائشیاسے آیا ہے جبکہ دوسرا لاہور سے ۔

ان دو افراد کے خون کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹ کے لئے اسلام ا ٓباد بھیج دیے گئے ہیں اور چند روز میں ٹیسٹ رزلٹ آنے کے بعد ہی صورتحال واضح ہوسکے گی ۔ انہوں نے سوات میں ڈینگی کے چار کیسز سامنے آنے سے متعلق بعض میڈیا رپورٹس کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال سوات میں ڈینگی کے دو مشتبہ کیسز ہیں اور لیبارٹری ٹیسٹ کے رزلٹ آنے سے قبل اُن کو ڈینگی کیسز قرار دینا قبل ازوقت اور مسلمہ صحافتی اصولوں کے خلاف ہے ۔

ڈاکٹر فہیم نے کہا کہ صوبائی وزیر صحت شہرام تراکئی کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ صحت نے صوبے میں ڈینگی کے متوقع پھیلاوٴ کے تدارک کے لئے تمام تر حفاظتی تدابیر اختیار کر رکھی ہے۔ واضح رہے کہ صوبائی وزیر صحت نے سوات میں ڈینگی کیسز سامنے آنے سے متعلق بعض میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہٴ صحت کے حکام کو علاقے کا فوری دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لینے اور اس سلسلے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی ۔

متعلقہ عنوان :