صنعتی ترقی کا بڑا انحصار صحت مند اور جفاکش محنت کشوں پر ہے،اصغر علی جونیجو

ہفتہ 28 جون 2014 21:27

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 2جون 2014ء)سندھ ایمپلائزسوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن کے تحت قائم سوشل سیکورٹی ولیکا ہسپتال میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو ICU یونٹ کاافتتاح کیا گیا۔ صوبائی مشیر محنت اور چیئرمین گورننگ باڈی سیسی اصغر علی جونیجو نے اس یونٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ میڈیکل سپرینٹنڈنٹ ولیکا اسپتال، سیکٹریری لیبر نور محمدلغاری اوردیگر افسران بھی موجود تھے۔

اسپتال میں منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی مشیر محنت نے کہاکہ یہ یونٹ اسپتال کی دیرینہ ضرورت تھی جسے پورا کیا گیا کیونکہ صنعتی ترقی کا بڑا انحصار صحت مند اور جفاکش محنت کشوں پر ہے اگر یہ مطمئن ہوں گے تو امن اور معیشت کا پہیہ چلے گا یہی وجہ ہے کہ سیسی کے بجٹ کا 72فیصد سے زائد حصہ محنت کشوں کو طبی سہولیات کی فراہمی پر خرچ کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

شہید محترمہ بینظیر بھٹوICU یونٹ مکمل طور پر تمام جدید سہولیات سے آراستہ ہے ، جس میں 11 بستروں اور 3 وینٹیلیٹر مشینوں کی سہولت موجود ہے۔ اس سہولت کی وجہ سے سیسی کو ماہانہ 40 سے 50 لاکھ روپے کی بچت ہو گی کیونکہ وہ مریض جو پہلے سہولیات کی عدم موجودگی کے باعث ایمرجنسی میں دوسرے پرائیوٹ ہسپتالوں میں ریفر کئے جاتے تھے وہ اب یہاں ہی اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔

یاد رہے کہ سندھ ایمپلائزسوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن میں رجسٹرڈ محنت کشوں کی تعداد 7تقریبا لاکھ اور انکے لواحقین کی تعدادتقریبا 35 لاکھ ہے جبکہ صوبے کے 28ہزار صنعتی و تجارتی ادارے اس اسکیم میں رجسٹرڈ ہیں۔ مشیر محنت نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ جب تک مزدوروں کے حالات بہتر نہیں ہوجاتے وہ سکون سے نہیں بیٹھیں گے ،گزشتہ ادوار میں صرف نام کاICU تھا لیکن اب کام کا ICU آچکا ہے ۔ پیپلز پارٹی کے بانی زوالفقارعلی بھٹو کے اصولوں پر چلتے ہوئے مشیر محنت اصغر علی خان جونیجو نے غریب محنت کشوں کے زخموں پر مرہم ، شہید محترمہ بینظیر بھٹو ICUکے زریعے رکھا ہے۔ اور مزدوروں کی خدمت کا سلسلہ تسلسل سے جاری رہے گا۔