سوات میں ڈینگی وائرس،صوبائی حکومت نے نوٹس لے لیا

ہفتہ 28 جون 2014 21:38

سوات میں ڈینگی وائرس،صوبائی حکومت نے نوٹس لے لیا

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 2جون 2014ء) خیبر پختونخوا کے سنیئر وزیر برائے صحت شہرام خان تراکئی کی خصوصی ہدایات پر ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر عبدالوحید برکی محکمہ صحت کے دیگر متعلقہ حکام کے ہمراہ ڈینگی کی صورتحال کاجائزہ لینے کے لئے ہفتے کے روز سوات کا دوہ کیا جہاں انہوں نے سامنے آنے والے ڈینگی کے مشتبہ کیسز کا تفصیلی جائزہ لینے کے علاوہ علاقے میں ڈینگی کے متوقع پھیلاو کے تدارک کے لیے ڈپٹی کمشنر سوات محمود اسلم کیساتھ ایک اجلاس منعقد کی ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ علاقے میں ڈینگی کے متوقع پھیلاوکے سد باب کے لئے خصوصی اسپرے مہم شروع کیا جائے گا جبکہ لیڈی ہیلتھ ورکرز علاقے میں گھر گھر جا کر لوگوں کو ڈینگی سے بچاوٴ کے لئے حفاظتی تدابیر کے بارے میں آگہی دیں گے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ گیا گیا کہ سوات میں چوراہوں پر ڈینگی سے اگہی کے لئے ویڈیوز چلائے جائیں گے۔اس کے علاوہ علاقے میں جس گھرمیں ڈینگی مچھر کی افزائش کے جگہے پائے گئے تو متعلقہ شخص کو دفعہ 144کے تحت جیل بھیج دیا جائیگا۔

یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر عبدالوحید برکی نے کہا ہے کہ ابھی سوات میں ڈینگی کاکوئی کنفرم کیس سامنے نہیں آیا، پانج افراد کو ڈینگی بخارکے شُبے میں مقامی ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا جن میں سے دو مقامی افرادکو معمول کا بخار تھا جو علاج کے بعد صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو چلے گئے ہیں ۔ باقی دو مریض ہسپتال میں داخل ہیں جن میں سے ایک ملائشیاسے آیا ہے جبکہ دوسرا لاہور سے ۔

ان دو افراد کے خون کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹ کے لئے اسلام ا ٓباد بھیج دیے گئے ہیں اور چند روز میں ٹیسٹ رزلٹ آنے کے بعد ہی صورتحال واضح ہوسکے گی ۔ انہوں نے سوات میں ڈینگی کے چار کیسز سامنے آنے سے متعلق بعض میڈیا رپورٹس کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال سوات میں ڈینگی کے دو مشتبہ کیسز ہیں اور لیبارٹری ٹیسٹ کے رزلٹ آنے سے قبل اُن کو ڈینگی کیسز قرار دینا قبل ازوقت اور مسلمہ صحافتی اصولوں کے خلاف ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی وزیر صحت شہرام تراکئی کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ صحت نے صوبے میں ڈینگی کے متوقع پھیلاوٴ کے تدارک کے لئے تمام تر حفاظتی تدابیر اختیار کر رکھی ہے ۔

متعلقہ عنوان :