صحت و تعلیم کے شعبے پر عائد کردہ ٹیکس فوری واپس لیا جائے،حافظ نعیم الرحمن کا مطالبہ

ہفتہ 28 جون 2014 22:08

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 2جون 2014ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اپنے ایک بیان میں حکومت سندھ کی جانب سے صحت و تعلیم کے شعبہ پر عائد کردہ ٹیکس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ اس ظالمانہ ٹیکس کو فوری طور پر واپس لینے کا اعلان کرے۔اس ضمن میں اُنہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور صحت کی بنیادی سہولت کی فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے مگر حکومت اپنے فرائض سے غافل ہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ الخدمت ویلفئیر سو سائٹی کراچی اور دیگر فلاحی ادارے صحت کے شعبے میں عوام کو نہایت اچھی اور سستی خدمات فراہم کر رہے ہیں ،ڈائیگنوسٹک اور میڈیکل سروسز پر ٹیکس کے نفاذ سے ان سروسز کی قیمتوں میں اضافہ ہو جائے گا جس کو برداشت کرنا غریب عوام کے بس کی بات نہیں ،بجائے اس کے کہ حکومت بجٹ.15 2014 میں اس شعبے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کرتی مگر اس نے اپنے شاہانہ اخراجات پورے کرنے کے لیے عوام کے بنیادی حقوق کو سلب کر لیا اور صحت و تعلیم کے شعبے پر ٹیکس عائد کردیا لہذا مطالبہ کیا جا تا ہے کہ صحت و تعلیم کے شعبے پر عائد کردہ ٹیکس فوری واپس لیا جائے۔

متعلقہ عنوان :