چیچہ وطنی‘نشہ کے عادی شخص نے پیسے دینے سے انکار پرنوجوان بہن کو گولی مار کر ابدی نیند سلادیا

پیر 30 جون 2014 15:57

چیچہ وطنی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30جون 2014ء)نشہ کے عادی شخص نے پیسے دینے سے انکار پرنوجوان بہن کو گولی مار کر ابدی نیند سلادیا،ملزم فرار ہوگیا،پولیس کے مطابق گاوٴں115،بارہ ایل میں محمد رمضان ارائیں کاشادی شدہ بیٹا محمد وسیم نشہ کا عادی تھا جس نے اپنی20سالہ بہن رخسانہ بی بی سے 10ہزار کی رقم کا مطالبہ کیامگر اس نے رقم دینے سے صاف انکار کردیاجس پر دونوں میں تلخ کلامی بھی ہوئی ،ملزم نے کچھ ہی دیر بعد اپنی بہن پر اسوقت فائرنگ کردی جب وہ چارپائی بچھا کر لیٹی ہوئی تھی ،مقتولہ گولیاں لگنے سے خون میں لت پت ہوگئی اور موقع پر ہی دم توڑ گئی ،ملزم اسلحہ لہراتا ہوا فرار ہوگیا،رخسانہ کی غمزدہ والدہ نے بتایا کہ قبل ازیں ملزم اس کے2لاکھ روپے چوری کرکے ہڑپ کرچکا ہے،ملزم کی دو کمسن بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے اور ہیروئن کی لت کے باعث اسکی بیوی نسرین بی بی بھی ایک سال قبل اسے چھوڑ کر سرائے سدھو میں مقیم اپنے میکے چلی گئی تھی، چھ سالہ بیٹی لاریب فاطمہ اپنی دادی کے پاس ہی رہتی ہے ،والد محمد رمضان کے مطابق ملزم نے واقعہ سے قبل اپنی کمسن بیٹی لاریب فاطمہ کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا، تھانہ کسووال کے تفتیشی سب انسپکٹر محمد یار کے مطابق واقعہ کے وقت ملزم کا ساتھی قصاب گھر کے باہر موجود رہا ،ملزم کو اسلحہ بھی اسی نے فراہم کیا، پولیس نے تحصیل ہسپتال سے پوسٹمارٹم کے بعد مقتولہ کی نعش تدفین کیلئے لواحقین کے سپرد کردی اور دونوں ملزموں کی تلاش کیلئے ٹیم روانہ کردی گئی،لواحقین نے خاندانی روایت کے مطابق مقتولہ کے دونوں ہاتھوں اور دونوں پاوٴں پر مہندی لگا کر اس کی شادی کی رسم پوری کی۔