تعلیم، صحت اور روزگار کے بہترمواقع فراہم کرنا بڑا چیلنج ہیں،وزیراعظم شوکت عزیز

بدھ 25 اپریل 2007 22:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اپریل۔2007ء) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہاہے کہ تعلیم، صحت اور روزگار کے بہترمواقع فراہم کرنا حکومت کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں تین روز ہ پاکستان ڈویلپمنٹ فورم کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت کے اقدامات کے نتیجے میں گذشتہ چند سال کے دوران ایک کروڑ 30 لاکھ افراد کو غربت سے نجات ملی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان عالمی مالیاتی اداروں کی مدد سے غربت اور بے روزگاری جیسے مسائل پر قابو پالے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں اب تک 3 ارب ڈالرز بحالی اور تعمیر نو کے کاموں پر خرچ کیے جا چکے ہیں اور یہ سب معاون اداروں کے تعاون سے ہوا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستان میں فی کس آمدنی ساڑھے نو سو ڈالرز تک پہنچ جائے گی جبکہ آیندہ مالی سال کے اختتام تک ایک ہزار ڈالرز ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال شرح نمو سات فی صد رہے گی۔