وزیر صحت کا ایل آر ایچ کا اچانک دورہ،ایکسڈنٹ اینڈ ایمر جنسی ڈیپارٹمنٹ کے غیر حاضر سینئر رجسٹرار اور میڈیکل آفیسر معطل،انکوائری کا حکم

منگل 1 جولائی 2014 18:20

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔1جولائی 2014ء)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے صحت شہرام خان تراکئی نے گزشتہ رات صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان کے ہمراہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کے شعبہ ایکسڈنٹ اینڈ ایمر جنسی کا اچانک دورہ کیا اور ڈیوٹی سے غیر حاضری پر مذکورہ شعبے کی سینئر رجسٹرار ڈاکٹر گل لالہ اور میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سید کو فوری معطل کر کے انکے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا۔

صوبائی وزیر نے اس دوران ایکسڈنٹ اینڈ ایمرجنسی کے تمام ریکارڈ چیک کئے اور مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈیوٹی پر موجود کوئی بھی ڈاکٹر اور عملہ نے مجوزہ یونیفارم نہیں پہن رکھا تھا جبکہ اس شعبے میں صفائی کی صورتحال بھی ناگفتہ بہہ تھی۔علاوہ ازیں ایمر جنسی کے کسی بھی حصے میں حاضری رجسٹر موجود نہیں تھا نہ ہی ڈیوٹی روٹا جبکہ ٹراما روم کا تمام عملہ بھی غائب تھا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے ہسپتال کے ایمرجنسی شعبے کی اس ناگفتہ بہ صورتحال پر ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو اپنے دفتر بلا کر سخت سرزنش کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ وہ ہسپتال کے اس اہم شعبے کے ساتھ ساتھ پورے ہسپتال کی مجموعی کارکردگی،صفائی کی صورتحال اور عملے کو نظم و ضبط کا پابند بنانے اور ان کی حاضریوں کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ وہ سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی معیاری خدمات کی فراہمی اور مریضوں کی بہتر نگہداشت کے امور پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔انہوں نے سختی سے تنبیہ کی کہ وہ آئندہ بھی ہسپتالوں کے اچانک دورے کرتے رہیں گے اور غفلت و کوتاہی کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔