انسداد ڈینگی کے انتظامات مکمل اور جاری آگاہی مہم کو تیز کیا جائے ‘سیکرٹری کوآپریٹو

بدھ 2 جولائی 2014 14:11

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2جولائی 2014ء) صوبائی سیکرٹری کوآپریٹو بابر حیات تارڑنے کہا ہے کہ تمام متعلقہ محکموں کے افسران مون سون سیزن میں انسداد ڈینگی کے اتنظامات مکمل کرکے اپنے متعلقہ علاقوں میں ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیربارے جاری عوام آگاہی مہم کو مزید تیز کریں۔ٹی ایم اے آفس اقبال ٹاؤن میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے صوبائی سیکرٹری کوآپریٹو نے کہا کہ تمام افسران حکومت کی طرف سے ڈینگی سے بچاؤ بارے جاری کردہ حفاطتی تدابیر پر 100فیصد عملدرآمد یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی کا خاتمہ انفرادی نہیں بلکہ اجتماعی و قومی مسئلہ ہے جسے عوام کے بھرپور تعاون کے بغیر حل نہیں کیا جاسکتا۔ افسران و اہلکاران مون سون سیزن سے قبل اپنی تمام تیاریاں مکمل کریں تاکہ اس موذی مرض کو سر اٹھانے کا موقع نہ مل سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی کے سلسلہ میں غفلت کے مرتکب اہلکاران سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔

اجلاس میں تمام محکمہ جات نے ٹاؤن بھر میں ہونے والے کاموں بارے اپنی اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی کہ مارچ 2014ء سے تاحال جاری انسداد ڈینگی مہم کے دوران محکمہ کے افسران نے لاہور کے علاوہ صوبہ بھر میں مختلف جگہوں کو چیک کیا ہے جن میں ٹائر شاپس، کباڑخانے،نرسریاں، زیر تعمیر جگہیں شامل ہیں جبکہ انسداد ڈینگی قوانین کی خلاف ورزی پر مختلف جگہوں کو سیل کیا گیاجبکہ مالکان کو نوٹسز جاری کئے گئے۔

سیکرٹری کوآپریٹو بابرحیات تارڑ نے تمام محکموں کی طرف سے کی جانے والی انسداد ڈینگی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ مون سون سیزن میں انسدادڈینگی کے حوالے خصوصی اقدامات اور تمام افسران اپنے متعلقہ اضلاع میں ڈینگی کی انسدادکارروائیوں پر خصوصی توجہ دیں اور عوام آگاہی کے لیے زیادہ سے زیادہ سیمینارز ،ورکشاپس اور تقاریب کا انعقاد کیا جائے تاکہ لوگوں میں اس سلسلہ میں شعور اجاگر کرکے انہیں ان کی قومی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :