عالمی بینک کا خیبرپختونخواہ میں طبی سہولیات کے منصوبے کی مدت تین سال سے کم کرکے ایک برس کرنے کا فیصلہ

بدھ 2 جولائی 2014 18:23

عالمی بینک کا خیبرپختونخواہ میں طبی سہولیات کے منصوبے کی مدت تین سال ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2جولائی 2014ء) عالمی بینک نے خیبرپختونخواہ میں طبی سہولیات کے منصوبے کی مدت تین سال سے کم کرکے ایک برس کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس میں ہونے والی تاخیر پر اپنی گرانٹ 16 سے کم کرکے 10.2 ملین ڈالرز کردی ہے۔عالمی بینک کی تیار کردہ ایک رپورٹ کے مطابق یہ پراجیکٹ عملدرآمد میں زیادہ تاخیر کے باعث مسائل کا سبب بن رہا ہے خاص طور پر ضلعی سطح پر خریداری کے عمل میں کافی خرابیاں ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ اس منصوبے کو ری اسٹرکچر کیا گیا، جس میں اہداف تو برقرار رکھے گئے ہیں مگر کام کی گنجائش محدود ہوگئی ہے جس کی وجہ عملدرآمد کا وقت کم کردینا ہے۔اس پراجیکٹ کا ایک حصہ ختم کردیا گیا ہے جبکہ باقی دو حصوں کو بھی چھوٹا کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کے ایک حصے کے تحت طبی خدمات میں نئی جان ڈالنے کے لیے گیارہ ملین ڈالرز مختص کئے گئے تھے مگر نظرثانی کے بعد وہ 8.2 ملین ڈالرز رہ گئے، جبکہ ہیلتھ انفراسٹراکچر کی بحالی نو کا حصہ ختم کردیا گیا ہے۔

اسی طرح ضلعی اور صوبائی سطح پر مانیٹرنگ اور جانچ پڑتال کے نظام کے لیے فنڈز کو چار سے کم کرکے دو ملین ڈالرز کردیا گیا ہے۔پراجیکٹ کی انتظامی ڈھانچے میں بھی تبدیلی لائی گئی ہے اور ایک آزاد پراجیکٹ منیجمنٹ یونٹ کو تشکیل دیا گیا ہے جو کہ براہ راست سیکرٹری ہیلتھ اور پراجیکٹ کوآرڈنیٹر کے زیرتحت کام کرے گا۔

متعلقہ عنوان :