حکمرانوں کی سونامی مارچ سے پہلے ہی نیندیں اڑ گئی ہیں ،14 اگست کو سونامی مارچ حقیقی آزادی کیلئے ہے‘ اعجاز چوہدری

جمعرات 3 جولائی 2014 19:40

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3جولائی 2014ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے کہاہے کہ حکمرانوں کی سونامی مارچ سے پہلے ہی نیندیں اڑ گئی ہیں ،14 اگست کو تحریک انصاف کا سونامی مارچ حقیقی آزادی کے لئے ہے ، اس دن عوام ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر قوم پر مسلط مصنوعی ٹولے کو بہا کر لے جائے گا،کارکنان سونامی مارچ کی بھرپور تیاری کریں ، سونامی مارچ کی تیاری کے لئے جلد میں صوبے بھر کا دورہ کروں گا، موجودہ حکمرانوں کے ہوتے ہوئے کسی انصاف کی توقع نہیں کی جاسکتی، رمضان المبارک میں ہوش ربا مہنگائی نے عام آدمی کا جینا مشکل کر دیا ہے ، یوٹیلٹی سٹو ر ،سستے رمضان بازار اور رمضان پیکیج پنجاب حکومت کے اپنے چمچوں کو نوازنے کے لئے فراڈ منصوبے ہیں اس سے غریب آدمی کو کسی قسم کا ریلیف نہیں ملا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز پنجا ب مختلف اضلاع سے آئے ہوئے عہدیداران سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ تحریک انصاف ملک کی بقاء کی جنگ لڑرہی ہے جبکہ حکمرانوں کو اپنی لوٹی ہوئی دولت اور اپنا جاتا ہوا اقتداربچانے کی فکر پڑی ہوئی ہے، پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے اور تبدیلی کے راستے میں یہ دونوں جماعتیں رکاوٹ ہیں ،پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ سٹیٹس کو کی جماعتوں کو تحریک انصاف کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی وجہ سے خوفزدہ ہو کر دونوں ایک دوسرے کوسہارا دے رہی ہیں ، کرپٹ ، بددیانت اور دھاندلی کی پیدا وارٹولہ نہ عوام کے مسائل حل کر سکتا ہے اور نہ ہی کرپشن کو ختم کر سکتا ہے ،فرسودہ نظام کی تبدیلی کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا،تحفظ پاکستان بل کی کئی شقیں آئین سے متصاد م ہیں ، اس بل کے نا فذ ہونے سے انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیاں ہوں گی ،مک مکا کے نتیجے میں (ن) لیگ نے پیپلزپارٹی سے ملکر کر یہ کالاقانون پاس کروایا ہے ۔

متعلقہ عنوان :