تمام متعلقہ محکموں کے افسران ڈینگی کے خلاف صف بندی کرلیں،موثر اقدامات کئے جائیں ‘ بابر حیات تارڑ

ہفتہ 5 جولائی 2014 14:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 5جولائی 2014ء) صوبائی سیکرٹری کو آپریٹو بابر حیات تارڑ نے کہا ہے کہ ڈینگی کنٹرول کے لئے ٹاؤن بھر میں زیادہ موثر اقدامات کئے جائیں اور مون سون کے موسم میں ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکنے کے لئے سخت ڈینگی سرویلنس کی جائے ،تمام متعلقہ محکموں کے افسران ڈینگی کے خلاف صف بندی کرلیں۔انہوں نے یہ بات ڈینگی کنٹرول کے انتظامات کا جائزہ لینے اور ٹاؤن کی سطح پر سرکاری محکموں کی کارکردگی جانچنے کے لئے ایمرجنسی ریسپانس اقبال ٹاؤن میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

سیکرٹری کوآپریٹو کو ٹاؤن کمیٹی کے اجلاس میں ڈینگی کنٹرول کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے بریفنگ دی گئی اور ٹاؤن کی سطح پر جاری ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس اور لاروی سائیڈنگ ،عوامی آگاہی کے لئے کئے گئے اقدامات ، سپرے مشینوں اور ادویات کی دستیابی کے بارے تفیصلی طو رپر آگاہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری کو آپریٹو نے ڈینگی سرویلنس کے اعداد و شمار پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ڈینگی سرویلنس کا ڈیٹا درست کیا جائے اور کارکردگی کو بڑھا کر پیش نہ کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار کی بنیاد پر ہی منصوبہ بندی اور ضروریات کا تعین کیا جاتا ہے اگر اعداد و شمار درست نہیں ہوں گے تو دن رات کی محنت کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ڈینگی کی روک تھام کے لئے موثر کردار ادا کریں اور پوری لگن کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف ڈینگی کی روک تھام کے حوالے سے تمام صورتحال کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور جلد ہی وزیر اعلی پنجاب اس سلسلہ میں اعلی سطحی اجلاس کی بھی صدارت کریں گے جس میں تمام محکموں کو اپنی اپنی کارکردگی کے حوالے سے جوابدہ ہونا ہو گا ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ کمرشل عمارتوں ، تعمیراتی جگہوں ، کباڑ خانوں سے ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر ایف آئی آر درج کر کے متعلقہ غیر ذمہ دار شخص کو گرفتار کیا جائے ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ڈینگی کے خلاف عوامی آگاہی کے لئے آگاہی مہم پر بھی توجہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام ایک سماجی مسئلہ بن چکا ہے جس کے لئے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری پوری کرنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :