کوئٹہ،مہنگے داموں اشیاء خوردونوش فروخت کرنے،ناپ تول میں کمی اورمضرصحت اشیاء بیچنے پرمتعدددکاندار گرفتار

پیر 7 جولائی 2014 18:48

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7جولائی 2014ء) ڈپٹی کمشنرنذرمحمدکھیتران کی ہدایت پراسسٹنٹ کمشنرعلی اصغرنے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں مہنگے داموں اشیاء خوردونوش فروخت کرنے،ناپ تول میں کمی اورمضرصحت اشیاء بیچنے پرمتعدددکانداروں کو گرفتارکرلیا۔اسسٹنٹ کمشنرنے لیویزرسالداررسول خان اورانجمن تاجران کے رہنماء مولادادقریشی کے ہمراہ مسجدروڈ،شربت خان روڈ،مارکیٹ روڈ،کندہاری بازار،مسجدروڈ اورجیل روڈ کا دورہ کیا ۔

صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ بازار میں اشیاء خوردونوش کے معیار ،مقداراور قیمتوں کی نگرانی کی جارہی ہے۔رمضان میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے۔اورمقررہ نرخوں سے زائدقیمت پر اشیاء بیچنے والوں سے سختی سے نمٹاجائے گا۔

(جاری ہے)

غیرمعیاری اور زائدالمعیاد اشیاء خوردونوش کی فروخت اور ذخیرہ اندوزی کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔

دکاندار رمضان المبارک میں ناجائزمنافع خوری اوراوورچارچنگ سے اجتناب کریں۔انھوں نے کہا کہ عوام کو لوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ناجائزمنافع خوروں ،ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کے خلاف کاروائی جاری رہے گی۔پرائس کنٹرول کمیٹی کی جانب سے اشیاء خوردونوش کی مقررکردہ قیمتوں پر کسی سے رعایت نہیں کی جائے گی۔تاکہ رمضان المبارک میں لوگوں کو سستے داموں اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے اور عوام کو ریلیف مل سکے۔