حکومت کا بنیادی فوکس پرائمری ہیلتھ کیئر اور مہلک بیماریوں سے بچاؤ ہے ‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن

منگل 8 جولائی 2014 14:52

لاہور( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 8جولائی 2014ء)وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن،خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ کینسر و دیگر موذی امراض کے علاج کے لئے عوام میں شعور بیدار کیا جائے کیونکہ صوبہ کے ٹیچنگ و بڑے سرکاری ہسپتالوں میں کینسر کے علاج کی سہولتیں میسر ہیں ،عوام میں تمباکو نوشی کے خلاف شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ہر سال لاکھوں افراد سگریٹ نوشی کے باعث چیسٹ کینسر کا شکار ہو کر موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں اور 600ملین لوگ تمباکو نوشی کی پیچیدگیوں کے باعث ٹی بی و پھیپھٹروں کی خطرناک بیماریوں سے متاثر ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرزو لوگوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ حکومت کا بنیادی فوکس پرائمری ہیلتھ کیئر اور مہلک بیماریوں سے بچاؤ ہے اور عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی پر 121.80 ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کم وسائل رکھنے والے لوگوں کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے 8 ارب 75 کروڑ روپے، ماں و بچے کی صحت کے ایک منصوبے کے لیے 1.80۔ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امراض گردہ میں مبتلاغریب مریضوں کو مفت ڈائیلاسسز کے لئے 60 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں ۔