ڈرگ سیل رولز کے نفاذ سے جعلی ادویات کی تقسیم وترسیل میں کمی ہو گی‘غلام فرید خان

بدھ 9 جولائی 2014 13:35

ڈیرہ اسما عیل خان(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 9جولائی 2014ء)گومل یو نیو رسٹی ایلو مینائی فورم کے صدر فارما سسٹ غلام فرید خان اور ینگ فارما سسٹ ایسوسی ایشن کے صدر محمد شفاء خان نے چیف کمشنر اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے جعلی ادویات کی خرید و فروخت کو روکنے اور عوام کو درست ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیئے ڈرگ سیل رولز کے نفاذ کے اقداما ت کو سراہا ہے، انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کیپیٹل سٹی میں اس ڈرگ سیل رولز کے نفاذ سے جہاں انسانی جان کو نقصان پہنچانے والی جعلی ادویات کی تقسیم و ترسیل میں کمی ہوگی وہیں مریضوں کو بروقت طبی و ادویات سے متعلق معلومات کی فراہمی کے لیئے فارما سسٹ کی لازمی موجودگی کے قانون سے صحت سے متعلق سہولیات میسر ہوں گی، جس سے ادویات کے بہترین استعمال کو یقینی بنایا جا سکے گا، اور فارمیسی کے کاروبار میں بھی بہتری آئے گی،انہوں نے کہا کہ اس رولز کے نفاز کے بعد وفاقی دارلحکومت کو ایک ماڈل سٹی بنا کر ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کے دیگر صوبوں میں بھی ابتدائی طور پر ایک ایک ضلع کو اسی قانون کے نفاذ کے حوالے سے ماڈل ضلع بنایا جائے اور پھر اس کامیاب عمل کو پورے ملک میں لاگو کیا جائے، انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ادویات کی فروخت کا لائسنس صرف اور صرف کیٹگری اے مارما سسٹ کو ایشو کیا جائے، عالمی ادارہ صحت کی تجاویز کے مطابق تمام سرکاری و نیم سرکاری ہسپتالوں میں پچاس بیڈ پر ایک فارما سسٹ کی موجودگی کو بھی یقینی بنا یا جائے، کیونکہ اس عمل سے ہم ترقی یافتہ ممالک کے مطابق اپنے مریضوں اور لوگوں کو فائدہ پہنچا سکتے ہیں-