وفاقی حکومت نے شمالی وزیرستان سے آنے والے متاثرین کیلئے چار ہزار پولیو ٹیمیں تشکیل دے دیں

پیر 14 جولائی 2014 14:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 14جولائی 2014ء) وفاقی حکومت نے شمالی وزیرستان سے آنے والے متاثرین کے لیے تقریباً چار ہزار پولیو ٹیمیں تشکیل دی ہیں، جو آئی ڈی پیز کے گھروں اور کیمپوں کا دورہ کریں گی۔فاٹا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے چھ اضلاع میں اس مہم کا آغاز ہوچکا ہے جن میں ہنگو، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، کرک اور ٹانک شامل ہیں یہاں ان متاثرہ افراد کو عارضی طور پر کیمپوں میں رکھا گیا ۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق یہ چار ہزار ٹیمیں ان اضلاع میں موجود متاثرہ افراد کے کیمپوں کا دورہ کریں گی۔وفاقی حکومت کی کوششوں میں مدد دینے کیلئے صوبہ پنجاب کی حکومت نے بھی متعدد اقدامات اٹھائے ہیں، جن میں آئی ڈی پیز کے لیے راشن اور دیگر سہولیات فراہمی شامل ہیں۔خیال رہے کہ شمالی وزیرستان میں گزشتہ مہینے آپریشن ضربِ عضب کے آغاز کے بعد سے اب تک متاثرین کی صوبہ خیبر پختونخوا کے اضلاع میں آمد کا سلسلہ جاری ہے۔حکام کے مطابق گزشتہ ہفتے کے اختتام تک بنوں میں رجسٹرڈ آئی ڈی پیز کی تعداد نو لاکھ سے بھی تجاوز کرچکی تھی۔

متعلقہ عنوان :