انسداد ڈینگی کی سرگرمیوں کیلئے عنقریب علیحدہ عملہ بھرتی کیا جائیگا ،عید کی چھٹیوں میں ڈینگی سرویلنس کا کام جاری رہے گا ‘ خواجہ سلمان رفیق

منگل 15 جولائی 2014 16:37

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 15جولائی 2014ء) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی ہے کہ عید کی چھٹیوں کے دوران انسداد ڈینگی کی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں اور عید پر لوگوں کی بڑے پیمانے پر قبرستانوں میں فاتحہ خوانی کے لئے آمد کے پیش نظر صفائی کا خصوصی خیال رکھا جائے ،تمام محکموں کی جانب سے ڈینگی کی روک تھام کے موثر اقدامات کی وجہ سے رواں سال صوبے میں ڈینگی کے صرف سات کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔

انہوں نے یہ بات یہاں کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں اراکین پنجاب اسمبلی پیر اشرف، چوہدری اکرم، نواز چوہان اور ماجد ظہور کے علاوہ سیکرٹری صحت ڈاکٹر اعجاز منیر، کمشنرلاہور، راشد محمود لنگڑیال، سیکرٹری لیبر، سیکرٹری ماحولیات ، سیکرٹری سکول ایجوکیشن، سیکرٹری جنگلات ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ، اطلاعات، اوقاف، زراعت، سوشل ویلفیئر، لوکل گورنمنٹ ، آبپاشی اور دیگر محکموں کے اعلی افسران کے علاوہ ڈی سی او گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان ، شیخوپورہ کی ضلعی حکومتوں کے نمائندوں ، ای ڈی اوز صحت، پولیس اور سپیشل برانچ کے افسراں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اعلی افسران نے اپنے اپنے محکموں کی جانب سے قبرستانوں ، کباڑ خانوں، تعمیراتی جگہوں، نرسریوں، کارخانوں ، ٹائرشاپس اور گھروں کے اندر انڈور اور آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیوں کے بارے بریفنگ دی۔ خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ جن ٹاؤنز اور یونین کونسلوں سے لاروا بالکل رپورٹ نہیں ہوا ان ٹاؤن میں مزید محنت کے ساتھ ڈینگی سرویلنس کی جائے ۔

انہوں نے راولپنڈی شہر کے علاوہ لاہور کے مخصوص ٹاؤنزپر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ بارشوں کے آغاز کے ساتھ ہی ڈینگی مچھر کی افزائش کے امکانات بڑھ جاتے ہیں لہذا ڈینگی لاروا کے ہاٹ سپاٹس کو ہر صورت ختم کرنے پر توجہ دی جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ متقبل میں انسداد ڈینگی کی سرگرمیوں کے لئے مختلف محکموں سے سٹاف لینے کی بجائے لاہور میں ڈینگی کا الگ عملہ بھرتی کیا جائے گا تا کہ ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیاں مزید موثر انداز میں چلائی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں وزیر اعلی پنجاب سے منظوری لی جائے گی ۔اس موقع پر سیکرٹری صحت ڈاکٹر اعجاز منیر نے بتایا کہ جولائی سے نومبر تک پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے ڈینگی کے خلاف بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے گی ۔ سیکرٹری صحت نے مزید بتایا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضو ں کے علاج کے انتظامات مکمل ہیں اور ایچ ڈی یُو کو بھی فنکشنل کر دیا گیا ہے تا ہم اس وقت کسی ہسپتال میں ڈینگی کا کوئی مریض نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کی جانب سے پرائیویٹ ہسپتالوں کے ڈاکٹرز اور جنرل پریکٹیشنرز کو کیس مینجمنٹ کے بارے تربیت فراہم کر دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :