مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے جناح ہسپتال میں زیر علاج زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی

جمعرات 17 جولائی 2014 17:23

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 17جولائی 2014ء) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ حکومت پولیو کا مکمل خاتمہ کر کے ہی دم لے گی، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں حکومت کا بھر پور ساتھ دیں اور اپنے بچوں کو پولیو ویکسئین کے قطرے پلا کر ساری زندگی کی معذوری سے محفوظ بنائیں۔انہوں نے یہ بات لاہور کی 23 ہائی رسک یونین کو نسلوں میں ایک روزہ پولیو مہم کے سلسلہ میں شفیق آباد بند روڈ کے علاقے میں پشتون بستی میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے موقع پر مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر ای ڈی او صحت ڈاکٹر ذوالفقار علی ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ داتا گنج بخش ٹاؤن اور دیگر افسران موجود تھے ۔خواجہ سلمان رفیق نے بچوں کو قطرے پلانے کے علاوہ علاقہ مکینوں میں حفاظتی ٹیکوں کی اہمیت کے بارے ہینڈ بل بھی تقسیم کئے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ذوالفقار علی نے بتایا کہ 23 یونین کونسلوں میں ایک لاکھ 60 ہزار بچوں کو قطرے پلانے کے لئے 12 سو سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کا ماحولیاتی سیمپل پولیو کے حوالے سے سے منفی ہونے تک انسداد پولیو مہم جاری رہے گی اور رواں ماہ کی 24 تاریخ کو بھی ایک روزہ مہم چلائی جائے گی ۔دریں اثناء مشیر وزیر اعلی پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے رائے ونڈ میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی جناح ہسپتال میں عیادت کی ۔ خواجہ سلمان رفیق نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمی اہلکاروں کی خصوصی نگہداشت اور علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا پورے ملک سے صفایا کیا جائے گا ۔پوری قوم پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہے ۔

متعلقہ عنوان :