انتظامی معاملات میں بگاڑ، وزیر صحت اور سیکرٹری صحت سندھ میں ٹھن گئی، اقبال درانی کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ

جمعہ 18 جولائی 2014 23:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جولائی۔2014ء) سندھ میں شہریوں کے صحت کے معاملات کے بعد محکمہ صحت کے انتظامی معاملات بگڑنے لگے ،سندھ کے وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد نے سیکرٹری صحت کو عہدے سے فارغ کرنے کا کہہ دیا ،سیکرٹری صحت اقبال درانی نے کہا ہے کہ گزشتہ 6سال میں ڈاکٹر صغیر نے کون سا کارنامہ انجام دیا ہے۔؟دونوں کو معاملات بہتر کرنے کے لئے گورنر سندھ نے طلب کر لیا ۔

تفصیلات کے مطابق سندھ میں صحت کے مسائل سے عام افراد پر یشان ہیں جب کہ سندھ حکومت کے اعلیٰ افسران وزیر صحت اور سیکرٹری صحت کے جھگڑے سے پریشان ہوگئے ہیں ۔سندھ کے وزیر صحت ڈاکٹرصغیر احمد نے کہا ہے کہ سیکرٹری صحت اقبال درانی وزارت کی جانب سے جانب جاری حکم کو مسلسل نظر انداز کر رہے ہیں اور وزیر صحت کی بات بھی نہیں سنتے ہیں جس کی وجہ سے محکمہ صحت کے انتظامی امور نہیں چل رہے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سیکرٹری صحت اقبال درانی نے موقف اختیار کیا ہے کہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد نے گزشتہ دور حکومت اور موجودہ دور حکومت میں 6سال کے دوران ایسا کون سا کارنامہ انجام دیا ہے جس سے صوبے میں صحت کے سائل حل کرنے میں مدد ملی ہو۔؟انہوں نے کہا کہ میں سول سرونٹ ہوں اور مجھے کوئی صوبائی وزیر عہدے سے نہیں ہٹا سکتا ہے ۔سندھ کے محکمہ صحت میں صوبائی وزیر اور سیکرٹری صحت کے درمیان اختلافات کا گورنر سندھ نے نوٹس لے لیا ۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے محکمہ صحت کے انتظامی معاملات کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر صحت اور سیکریٹری صحت کو گورنر ہاؤس طلب کرلیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :