کسی ہسپتال میں ڈینگی کا کوئی مریض نہیں،سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضو ں کے علاج کے انتظامات مکمل ہیں ‘ بابر حیات تارڑ

ہفتہ 19 جولائی 2014 13:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جولائی۔2014ء) سیکرٹری کو آپریٹو پنجاب بابر حیات تارڑنے ہدایت کی ہے کہ عید کی چھٹیوں کے دوران انسداد ڈینگی کی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں اور عید پر لوگوں کی بڑے پیمانے پر قبرستانوں میں فاتحہ خوانی کے لئے آمد کے پیش نظر صفائی کا خصوصی خیال رکھا جائے ۔ انہوں نے یہ بات اقبال ٹاؤن میں منعقدہ انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

دیگر محکموں کے متعلقہ افسران نے اپنے اپنے محکموں کی جانب سے قبرستانوں ، کباڑ خانوں، تعمیراتی جگہوں، نرسریوں، کارخانوں ، ٹائرشاپس اور گھروں کے اندر انڈور اور آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیوں کے بارے بریفنگ دی۔بابر حیات تارڑ نے کہا کہ بارشوں کے آغاز کے ساتھ ہی ڈینگی مچھر کی افزائش کے امکانات بڑھ جاتے ہیں لہذا ڈینگی لاروا کے ہاٹ سپاٹس کو ہر صورت ختم کرنے پر توجہ دی جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ مستقبل میں انسداد ڈینگی کی سرگرمیوں کے لئے مختلف محکموں سے سٹاف لینے کی بجائے لاہور میں ڈینگی کا الگ عملہ بھرتی کیا جائے گا تا کہ ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیاں مزید موثر انداز میں چلائی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ جولائی سے نومبر تک پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے ڈینگی کے خلاف بھرپور آگاہی مہم چلائے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضو ں کے علاج کے انتظامات مکمل ہیں اور ایچ ڈی یُو کو بھی فنکشنل کر دیا گیا ہے تا ہم اس وقت کسی ہسپتال میں ڈینگی کا کوئی مریض نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کی جانب سے پرائیویٹ ہسپتالوں کے ڈاکٹرز اور جنرل پریکٹیشنرز کو کیس مینجمنٹ کے بارے تربیت فراہم کر دی گئی ہے۔