جنرل ہسپتال میں23جولائی کو مریضوں میں عید گفٹ تقسیم کیے جائیں گے

ہفتہ 19 جولائی 2014 16:40

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جولائی۔2014ء) انجمن بہبودی مریضاں لاہور جنرل ہسپتال کے تعاون سے ہسپتال میں زیرعلاج تمام مریضوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کے لئے 23جولائی بروز بدھ کو عید گفٹ دیئے جائیں گے۔ جن میں ان سلے سوٹ بھی شامل کئے گئے ہیں تاکہ مریض عید کی خوشی سے پوری طرح لطف اندوز ہوسکیں۔جبکہ بچوں کو کھلونے دیئے جائیں گے۔

یہ بات پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ و جنرل ہسپتال پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایم ایس ڈاکٹر پرویز امتیاز، انجمن بہبودی مریضاں کے عہدیداران حاجی محمد یوسف، ملک علیم، محمد اسلم ملک، شیخ حبیب اللہ، یاسر اعجاز اور سوشل ویلفیئر آفیسر سائرہ رحمان نے شرکت کی۔

پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہا کہ مستحق اور نادار مریضوں کے چہروں پر عید کے مبارک موقع پر مسکراہٹیں بکھیرنا اور انہیں خوشیوں میں شامل کرنا بہت بڑی سعادت ہے۔ ہمیں عید کی پرمسرت ساعتوں میں بیماریوں کے ہاتھوں دکھی انسانیت کو فراموش نہیں کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ عید اور ٹرو کے روز ہسپتال میں داخل مریضوں کے لئے خصوصی کھانے کا بھی اہتمام کیا جائے گا تاکہ ان افراد کے گھر سے دوری کے احساس کوکم کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :