جنرل ہسپتال سٹاف کی مبینہ غفلت سے بچے کی ہلاکت، تحقیقاتی کمیٹی تشکیل

پیر 21 جولائی 2014 18:37

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جولائی۔2014ء) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے جنرل ہسپتال کے بچہ ایمرجنسی وارڈ میں اتوار کی صبح جاں بحق ہونے والے دو سالہ اذان کے والدین کی طرف سے سٹاف پر لگائے گئے مبینہ غفلت کے الزامات کی تحقیقات کے لیے پروفیسر نجم الحسن کی سربراہی میں اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دے دی۔

دیگر ارکان میں ڈاکٹر اسرارالحق طور ایسوسی ایٹ پروفیسر آف میڈیسن اور پرنسپل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر بلقیس طاہر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کمیٹی کے ارکان کو ہدایت کی کہ وہ تین یوم میں انکوائری مکمل کرکے رپورٹ پیش کریں۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل ایل جی ایچ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے بچے کے والدین کے الزامات کی تحقیقات کے لیے بچہ وارڈ کے کسی ڈاکٹر کو کمیٹی کا رکن نہیں بنایا گیا تاکہ واقعہ کی شفاف انداز میں تحقیقات ہوسکے اور حقائق سامنے آسکیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر انکوائری رپورٹ میں کوئی ملازم قصور وار پایا گیا تو اس کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔