آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کی خرابی صحت کے باعث کرپشن کے دو ریفرنسز کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی

منگل 22 جولائی 2014 14:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جولائی۔2014ء) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کی خرابی صحت کے باعث کرپشن کے دو ریفرنسز کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی جبکہ توقیر صادق تقرری کیس میں سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت چھ ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔ منگل کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف ارسس ٹریکٹر اور اے آر وائی گولڈ ریفرنسز کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے خرابی صحت کے باعث عدالت سے مزید وقت دینے کی استدعا کی۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت آٹھ ستمبر تک ملتوی کر دی۔ آئندہ سماعت پر دونوں ریفرنسز میں دوبارہ دلائل دیئے جائیں گے ۔ دوسری جانب سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق تقرری کیس میں سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت چھ ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔ توقیر صادق تقرری کیس کی سماعت بھی بغیر کارروائی نو ستمبر تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :