عالمی ادارہ صحت کے نئے کنٹری ڈائریکٹر کی مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق و سیکرٹری صحت ڈاکٹر اعجاز منیر سے ملاقات

جمعہ 25 جولائی 2014 14:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی۔2014ء) عالمی ادارہ صحت کے پاکستان میں نئے کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر مائیکل جین جیولزتھیرن نے مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری صحت ڈاکٹر اعجاز منیر سے سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر ڈبلیو ایچ او کے آپریشنز آفیسر ڈاکٹر بابر عالم ، پولیو پروگرام ہیڈڈاکٹر عبیدالاسلام اور ڈبلیو ایچ او کی پروفیشنل آفیسر ڈاکٹر فرح صبیح بھی موجود تھیں۔

ملاقات کے دوران خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری ہیلتھ نے عالمی ادارہ صحت کے وفد کو صوبہ پنجاب کے صحت کے شعبے کے ترقیاتی پروگرام اور نئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔خواجہ سلمان رفیق نے عالمی ادارہ صحت کے وفد کو پنجاب ہیلتھ کیئر سٹرٹیجی کی منظوری، نجی اور سرکاری شعبے کے ہیلتھ سیکٹر کو ریگولیٹ کرنے کے لئے ہیلتھ کیئر کمیشن کے قیام ، ماں اور بچے کی صحت کے پروگرام کو مربوط کرنے، ڈسٹرکٹ ہیلتھ مینجرز کی مانیٹرنگ کے لئے ہیلتھ واچ شروع کرنے ، چیف منسٹر روڈ میپ برائے حفاظتی ٹیکہ جات اور مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کی ترقی، پالیسی اینڈ سٹرٹیجک پلاننگ یونٹ کے قیام ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ انفارمیشن سسٹم کے دائرہ کار کو پرائمری ، سیکنڈری ہیلتھ کے بعد ٹرشری کیئر ہسپتالوں تک وسیع کرنے کے علاوہ سوشل ہیلتھ انشورنس اور رورل ہیلتھ سنٹرزماڈل پروگرام متعارف کرانے کے بارے میں بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر مائیکل تھیرن نے ہیلتھ کے شعبے کو سرفہرست رکھنے کے لئے حکومت پنجاب کی کمٹمنٹ کو سراہا اور بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام ( ای پی آئی ) پروگرام اور پولیو کے خاتمے کیلئے Chief Minister's Initiativeکے تحت ٹھوس اقدامات کرنے پر حکومت پنجاب کی تعریف کی۔اس موقع پر لاہورکے انوائرمنٹل سیمپل میں پائے جانے والے پولیو وائرس کو پھیلنے سے روکنے کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈاکٹر مائیکل تھیرن نے کہا کہ پنجاب جیسے بڑے صوبے میں انتہائی سخت سرویلنس کی ضرورت ہے تا کہ حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام خصوصا پولیو کی کوریج کے سوفیصد نتائج حاصل کئے جا سکیں ۔ عالمی ادارہ صحت کے کنٹری ڈائریکٹر نے پنجاب میں سنٹر آف ایکسیلنس فار ڈیزیز کنٹرول کے قیام کو بھی سراہا ۔ انہوں نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو روٹین ایمونائزیشن میں شامل کرنے کے حوالے سے بتایا کہ عالمی ادارہ صحت نے تین اضلاع میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کو تربیت فراہم کرنے میں تعاون کیا ہے اور ڈبلیو ایچ او مزید بارہ اضلاع میں تربیتی پروگرام میں تعاون کے لئے تیار ہے ۔ ڈاکٹر مائیکل نے یقین دلایا کہ ڈبلیو ایچ او پاکستان محکمہ صحت پنجاب کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔