جنرل ہسپتال ، عید کی چھٹیوں میں ڈینگی کاوٴنٹرز پر سٹاف موجود ہوگا، سینٹری انسپکٹرز کی چھٹیاں منسوخ، کنٹرول روم قائم

جمعہ 25 جولائی 2014 16:07

لاہور ( ‘اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی۔2014ء) عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران جنرل ہسپتال میں ڈینگی بخار میں مبتلا افراد کے علاج و رہنمائی کیلئے قائم کاوٴنٹرز پر ان ایام میں بھی سٹاف موجود رہے گا۔ان چھٹیوں میں ہسپتال کے معمولات بلاتعطل جاری رکھنے اور مریضوں کی دیکھ بھال و علاج معالجے کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اے ایم ایس ، ڈی ایم ایس، ڈاکٹرز، نرسز و دیگر ملازمین کی خصوصی ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں۔

جبکہ انتظامی شعبوں کے انچارج سٹیشن چھوڑنے سے قبل پیشگی اجازت لینے کے پابند ہوں گے۔ اس بات کا فیصلہ گذشتہ روز پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر انجم حبیب وہرہ کی زیر صدارت اجلاس میں ہواا جس میں انتظامی ڈاکٹروں، نرسنگ انتظامیہ اور دیگر شعبوں کے سربراہوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ 29جولائی تک یکم اگست تک آوٴٹ ڈور بند ہونے کے باعث وہاں کا عملہ بھی ایمرجنسی اور دیگر شعبوں میں کام کرے گا۔

پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے بتایا کہ تینوں شفٹوں کے سینٹری انسپکٹرز اور سکیورٹی اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں اور اے ایم ایس ایڈمن و نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کسی بھی اہلکار یا نرس کو اضافی چھٹی یا ڈے آف دینے کی مجاز نہیں ہوں گی۔ پرنسپل نے انتظامی ڈاکٹروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عید کی چھٹیوں کے دوران روزانہ پورے ہسپتال کا راؤنڈ کریں اور سکیورٹی کے نظام پر کڑی نگاہ رکھیں، فول پروف انتظامات کرنے کے علاوہ اس امر کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی گارڈ دوسری شفٹ کے آنے سے پہلے نہیں جائے گا جبکہ انتظامی ڈاکٹرز اپنی اپنی ڈیوٹی کے دوران ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں کو ادویات و تشخیصی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے علاوہ تمام عملے کی کارکردگی بھی مانیٹر کریں گے۔

لیبارٹری 24 گھنٹے کھلی رہے گی۔مریضوں کی شکایات کے ازالے اور ملازمین کی کارکردگی مانیٹر کرنے کیلئے فون نمبر 99264117پر 24گھنٹے ڈاکٹر موجود ہوگا۔میڈیکل سوشل ویلفیئر آفیسر کو ہدایت کرتے ہوئے پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہا کہ ان تعطیلات کے دوران غریب اور مستحق مریضوں کے حقوق کا مکمل خیال رکھیں اور ضرورت مندوں کو ادویات کی فراہمی کی صورت میں شکایت کا فوری ازالہ کریں۔

انہوں نے سینی ٹیشن سٹاف کو تمام ہسپتال ، رہائشی کالونی اور ڈاکٹر و نرسنگ ہاسٹل میں صفائی کا بھرپور خیال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں کوتاہی کی ذمہ داری متعلقہ شفٹ کے سینٹری انسپکٹر پر ہوگی۔ پرنسپل نے تمام جنریٹر اپ ڈیٹ، ایمبولنسیں سٹینڈ بائی اور بلڈ بینک کے عملے کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں فرائض سے غفلت برتنے یا ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :