محکمہ صحت میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ منیجرز اور اداروں کی کارکردگی جانچنے کیلئے ویب بیسڈسسٹم متعارف کرایا جائیگا ‘ خواجہ سلمان رفیق

پیر 28 جولائی 2014 17:07

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جولائی 2014ء) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ مینجرز کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور افسران کی کارکردگی جانچنے کے لئے ویب بیسڈ سسٹم شروع کیا جا رہا ہے،حکومت پنجاب ای گورنمنٹ کو پرموٹ کر رہی ہے تاکہ اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے ۔

انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ میں محکمہ صحت میں ضلعی سطح پر افسران اور سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی اور بیماریوں کی روک تھام کے لئے حفاظتی ٹیکوں ( ای پی آئی) کی کوریج ، ادویات کی دستیابی اور درست اعداد و شمار کے حصول کے لئے ویب بیسڈ مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرانے کے سلسلہ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت ڈاکٹر اعجاز منیر ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز کے علاوہ ٹیکنیکل ریسورس فسیلٹی کی ٹیم نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ٹی آر ایف کی ٹیم میں ڈاکٹر محمد انور جنجوعہ ، مس پا میلا سکورا ڈاکٹر قمر سلیمان اور ڈاکٹر ھما حیدر شامل تھیں ۔ اجلاس میں ٹی آر ایف کی ٹیم نے ویب بیسڈ سسٹم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔اس سسٹم میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ منیجرز کی پرفارمینس جانچنے کے لئے کچھ کی پر فارمنس انڈیکیٹرز تیار کئے گئے ہیں جس کی بنیاد پر کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا ۔ خواجہ سلمان رفیق نے ٹی آر ایف اور محکمہ صحت کے افسران کی جانب سے سسٹم تیار کرنے کے لئے کوشوں کی تعریف کی اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ ای ڈی اوز صحت کی میٹنگ میں اس کوسسٹم استعمال کیا جائے گا ۔