بارشوں کے پیش نظر تمام سرکاری محکمے ڈینگی روک تھام کی سرگرمیاں بھرپور طریقہ سے جاری رکھیں‘ خواجہ سلمان رفیق

پیر 4 اگست 2014 15:57

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4اگست۔2014ء) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے تمام سرکاری محکموں اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ بارشوں کے پیش نظر ڈینگی کنٹرول کے لیے اقدامات بھرپور طریقہ سے جاری رکھیں اور زیادہ اجلاس منعقد کرنے کے بجائے فیلڈ میں ڈینگی سرویلنس کرنے والی ٹیموں کی مانیٹرنگ پر خصوصی توجہ دی جائے۔

انہوں نے یہ بات سوموار کے روز یہاں کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کنٹرول کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں منتخب عوامی نمائندوں کے علاوہ تمام متعلقہ سرکاری محکموں کے اعلیٰ افسران اور لاہور، فیصل آباد اور گوجرانوالہ کے ڈی سی اوز صاحبان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ویکٹربارن ڈیزیز ڈاکٹراسلام ظفر نے بتایا کہ صوبہ پنجاب میں رواں سال ڈینگی کے 10کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے ایک مریض سعودی عرب جبکہ دوسرا ملائیشیا سے آیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سوات میں ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی تعداد 50ہوگئی ہے لہٰذا راولپنڈی میں ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیاں مزید بڑھانے کی ضرورت ہے کیونکہ سوات سے لوگوں کا مسلسل آنا جانا رہتاہے۔ اجلاس میں سکول ایجوکیشن ، ہائر ایجوکیشن ،لیبر ڈیپارٹمنٹ، سوشل ویلفیئر ، اینوائرمنٹ ،اوقاف ، زراعت، آبپاشی، ماہی پروری، لوکل گورنمنٹ ، ٹرانسپورٹ اور محکمہ اطلاعات و ثقافت کے افسران نے عید کی چھٹیوں کے دوران ڈینگی کی روک تھام کے لیے آؤٹ ڈور اور ان ڈور سرویلنس اور آگاہی کے حوالے سے سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔

ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات و ثقافت رانا غلام عباس نے محکمہ تعلقات عامہ کے علاوہ پنجاب آرٹس کونسل ، عجائب گھر، فیصل آباد آرٹس کونسل ، گوجرانوالہ آرٹس کونسل اور راولپنڈی آرٹس کونسل کے زیر اہتمام ڈینگی کے اقدامات اور آگاہی کے لیے سیمینار کے انعقاد کے بارے بریفنگ دی۔خواجہ سلمان ر فیق نے کہا کہ راولپنڈی اور لاہور میں ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیوں کو موثر بنانے کے لیے سی ڈی اے ، پاکستان ریلوے اور کنٹونمنٹ بورڈ ز کے حکام سے رابطہ کر کے ان کا تعاون حاصل کیا جائے۔

خواجہ سلمان رفیق نے عید کی چھٹیوں کے دوران تمام محکموں کی جانب سے ڈینگی کی روک تھام کے لیے ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیاں جاری رکھنے پر افسران اور سٹاف کی تعریف کی اور کہا کہ بارشوں کی وجہ سے جگہ جگہ پانی کھڑا ہونے سے ڈینگی کی افزائش کے امکانات بڑھ گئے ہیں لہٰذا تمام متعلقہ اداروں کو بھرپور طریقہ سے اور محنت کے ساتھ آؤٹ ڈور اور ان ڈور سرویلنس کی سرگرمیاں جاری رکھنا ٍہوں گی تاکہ پیک سیزن میں ڈینگی کا مرض پھیلنے نہ پائے۔

متعلقہ عنوان :