پنگریو سے ملحقہ چار یونین کونسلوں سمیت ضلع بدین کی11 یونین کونسلوں کو سرکاری طور پر پولیو ہائی رسک قرار دے دیا گیا

بدھ 6 اگست 2014 19:37

پنگریو ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6اگست 2014ء) پنگریو سے ملحقہ چار یونین کونسلوں سمیت ضلع بدین کی11 یونین کونسلوں کو سرکاری طور پر پولیو ہائی رسک قرار دے دیا گیا، پولیو مہم کے دوران ہائی رسک یونین کونسلوں پر بھر پور توجہ دینے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہ کرنے کا ڈپٹی کمشنر بدین کا اعلان، تفصیلات کے مطابق پنگریو سے ملحقہ چار یونین کونسلوں ڈیئی جرکس، خلیفو قاسم، کھوسکی اور شادی لارج سمیت ضلع بدین کی گیارہ یونین کونسلوں کو سرکاری طور پر پولیو ہائی رسک قرار دیا گیا ہے پولیو ہائی رسک قرار دی جانے والی دیگر یونین کونسلوں میں دبی، ہالیپوٹا، احمد راجو،راہوکی، گھڑو، پیرو لاشاری اور راجو خانانی شامل ہیں مذکورہ یونین کونسلوں کو پولیو ہائی رسک قرار دینے کا فیصلہ محکمہ صحت کی رپورٹ کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر بدین محمدرفیق قریشی کی صدارت میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطح کے ضلعی اجلاس میں کیا گیا اجلاس میں ضلع کے مختلف سرکاری محکموں کے افسران اور پانچوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کے علاوہ غیر سرکاری تنظیموں ( این جی اوز) کے نمائیندوں نے بھی شرکت کی ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اٹھارہ اگست سے بیس اگست تک چلنے والی پولیو مہم میں ہائی رسک قرار دی جانے والی یونین کونسلوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی تاکہ ان یونین کونسلوں میں ایک بھی ٹارگٹ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بدین اعجاز احمد عرسانی نے کہا کہ سروے کے بعد ضلع کی 46 میں سے گیارہ یونین کونسلوں کو پولیو ہائی رسک قرار دیا گیا ہے ان یونین کونسلوں پر پولیو مہم کے دوران اضافی عملہ تعینات کیا جائے گا اور پولیو مہم کی بھر پور مانیٹرنگ بھی کی جائے گی انہوں نے کہا کہ ہائی رسک قرار دی جانے والی یونین کونسلوں میں پولیو مہم کے دوران اسٹیک ہولڈرز کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ بھر پور نتائج حاصل کئے جا سکیں انہوں نے بتایا کہ پولیو عملے میں خواتین ورکرز بھی شامل ہوں گی تاکہ گھروں کے اندر تک بچوں کو پولیو قطرے پلائے جا سکیں جبکہ ان یونین کونسلوں میں آنے والے دیگر علاقوں کے بچوں کو بھی ویکسین پلائی جائے گی اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بدین نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدائت کی کہ وہ پولیو مہم کے دوران محکمہ صحت اور پولیو مہم میں شامل ٹیموں سے رابطہ رکھیں اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کریں ڈپٹی کمشنر بدین نے تمام متعلقین پر واضح کیا کہ اس اہم معاملے پر کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی دریں اثناء سر کاری طور پر ہائی پولیو رسک قرار دی جانے والی یونین کونسلوں میں پنگریو کی نواحی یونین کونسل خیر پور گمبو کو شامل نہیں کیا گیا جہاں پر چند ماہ قبل پولیو ویکسین پینے کے بعد مبینہ طور پر کم سن بہن بھائیوں کی اموات کے واقع کے بعد متعدد دیہاتوں کے باشندوں نے اپنے بچوں کو پولیو ویکسین پلانے سے انکار کر دیا تھا اور سابقہ پولیو راؤنڈ کے دوران ان دیہاتوں کے بچے پولیو ویکسین سے محروم رہے ہیں محکمہ صحت کی جانب سے اس یونین کونسل کو پولیو ہائی رسک قرار نہ دینے پر عوامی حلقے حیرت کا اظہار کر رہے ہیں

متعلقہ عنوان :