برسات میں پیٹ کی بیماریوں کے ساتھ ساتھ جلدی امراض بھی زور پکڑ لیتے ہیں‘ اسرارالحق طور

بدھ 6 اگست 2014 20:22

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6اگست 2014ء) جنرل ہسپتال کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر اسرارالحق طور نے کہا کہ موسم برسات میں پیٹ کی بیماریوں کے ساتھ ساتھ بہت سے جلدی امراض بھی زور پکڑ لیتے ہیں۔ لہٰذا عوام کو اس سلسلے میں خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیے اور چھوٹے بچوں پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر اسرار طور نے بتایا کہ گرمیوں میں بجلی کی بندش کے دوران فریج میں پڑا کھانا جراثیموں سے آلودہ ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں اور ذائقہ بدل جاتا ہے جس سے ڈائریا ہونے کے ساتھ ساتھ نمکیات کی کمی، گردوں پر اثر ہونا اور غنودگی طاری ہونا شامل ہے۔

انہوں نے کہاکہ پیٹ میں پیدا ہونے والے امراض سے بچنے کے لیے متوازن غذا ، کھانے پینے میں احتیاط اور کٹے پھٹے پھل سے اجتناب برتا جائے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر اسرار طور نے کہاکہ بارش میں نکاسی آب کے مسائل کی وجہ سے گندا پانی صاف پانی میں مل جانے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ لہٰذا ضروری ہے کہ پانی ابال کر استعمال کیا جائے اور پرہیز علاج سے بہتر ہے کہ اصول کو اپنایا جائے۔

موسم برسات میں جمع شدہ بارش کے پانی میں نہانے سے جلدی امراض پیدا ہوتے ہیں لہٰذا والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کو جوہڑ، تالاب اور پارکوں میں جمع ہونے والے پانی میں مت نہانے دیں۔ انہوں نے کہاکہ اس موسم میں پھوڑے، پھنسی اور خارش وغیرہ عام دیکھنے میں آتی ہیں جس کے لیے ضروری ہے کہ ہمیشہ صاف ستھرا رہا جائے اور پانی میں نہاتے وقت ڈیٹول اور دیگر جراثیم کش ادویات کا استعمال کیا جائے۔