تخت گرانے اور تاج اچھالنے کا وقت قریب ہے، طاہرالقادری کی انقلابی کال محلات نشینوں کی نیندیں حرام کر دیگی‘ سنی اتحاد کونسل

بدھ 6 اگست 2014 20:27

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6اگست 2014ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ تخت گرانے اور تاج اچھالنے کا وقت قریب ہے، ہم ملک اور حکمران اقتدار بچانے کی جدوجہد کر رہے ہیں، قوم یومِ انقلاب کی کال کی منتظر ہے، حکمران اعتبار اور اعتماد کھو چکے ہیں، سیاست کے فرعونوں کے جعلی اقتدار کا سورج غروب ہونے والا ہے، مادرِ وطن سے وفا کے لیے جانیں قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے، گرفتاریوں، چھاپوں، نظربندیوں اور مقدمات سے انقلاب کی منزل قریب آئے گی، یومِ انقلاب نااہل حکمرانوں سے یومِ نجات بنے گا، عوامی انقلاب آئے گا تو روٹی، روزگار اور رہائش کے مسائل حل ہوں گے، طاہرالقادری کی انقلابی کال محلات نشینوں کی نیندیں حرام کر دے گی، ہمارے کارکنان کا عزم و حوصلہ چٹان کی طرح مضبوط ہے، نااہل حکمرانوں نے قائداعظم کے پاکستان کو اندھیروں میں ڈبو دیا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 10اگست کو یومِ شہداء منانے کی تیاریوں کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ متکبر حکمرانوں کی گردنوں سے سریہ نکال دیں گے اور ان کا تکبر خاک میں ملا دیں گے۔ موجودہ حکمرانوں کے دور میں خودکشیوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ کرسی اور کمیشن کی سیاست نے ملک تباہ کر دیا ہے۔

حکمرانوں نے ملک کو بندگلی میں پہنچا دیا ہے۔ نان سٹاپ مہنگائی اور بے لگام لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔ انقلاب کے نتیجے میں عوام بامراد اور حکام نامراد ہوں گے۔ حکمران انقلاب کی تیاریاں دیکھ کر بدحواس ہو چکے ہیں۔ آزادی کا مہینہ نااہل حکمرانوں سے آزادی کا مہینہ ثابت ہو گا۔ برطانوی وزیر سعیدہ وارثی نے برطانوی حکومت کی اسرائیل نواز پالیسی پر احتجاجاً استعفیٰ دے کر جرأت کی مثال قائم کی ہے۔

ترکی کے سوا کسی مسلم ملک نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف موٴثر صدائے احتجاج بلند نہیں کی۔ اُمّتِ مسلمہ خوابِ غفلت سے بیدار نہ ہوئی تو مسلمانوں پر ظلم جاری رہے گا۔ اسلامی ریاستیں امریکی غلاموں کے شکنجے میں ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ آپریشن ضربِ عضب میں کامیابیوں پر قوم پاک فوج کو سلام پیش کرتی ہے۔ پاک فوج کے جوان اور افسر ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے نجات دلانے کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر بھارت سے دوستی خسارے کا سودا ہے۔ حکومت نے چودہ ماہ میں عوام کو سبز باغ دکھانے کے سوا کچھ نہیں کیا۔