دہشت گردی کے ناسور پر قابو پانے اور امن قائم کرنے کے لیے مذہبی ہم آہنگی بہت ضروری ہے لہذا تمام طبقات ہائے فکر کو اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے،خلیل طاہر سندھو کا لاہور چیمبر میں سہیل لاشاری سے ملاقات کے موقع اظہار خیال

جمعہ 8 اگست 2014 19:39

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8اگست 2014ء) صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور و انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ اور دہشت گردی کے ناسور پر قابو پانے اور امن قائم کرنے کے لیے مذہبی ہم آہنگی بہت ضروری ہے لہذا تمام طبقات ہائے فکر کو اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے۔

لاہور چیمبر کے نائب صدر کاشف انور، اراکین صوبائی اسملی میری گل، کانجی رام، شہزاد منشی، شکیل آئزن، سابق ایگزیکٹو کمیٹی رکن رحمت اللہ جاوید، بلال ایوب گورایا، چودھری حسن احسن اور چودھری خالد قیوم بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے امن کا قیام ناگزیر ہے لیکن بدقسمتی سے کچھ عناصر اپنے ذاتی مفادات کے لیے بدامنی پیدا کرنے میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں انتشار پیدا کرنے والے یہ لوگ آخر ملک کے خیر خواہ کیسے ہوسکتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں کاروباری برادری کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے اقلیتوں کی ترقی و خوشحالی کے لیے پنجاب حکومت کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تعلیم و صحت کے شعبوں پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کے لیے بھی بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے۔

لاہور چیمبر کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے لاہور چیمبر کا دورہ کرنے پر صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اس نے ہر فورم پر ہمیشہ انسانیت کے تحفظ کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کی بھرپور وکالت کرتا ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات اٹھارہا ہے۔ انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری معاشرے میں ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، اس سلسلے میں مہم چلاکر، سیمینارز، واک اور ورکشاپس منعقد کرواکر بہترین نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ اپنے تھنک ٹینک کو مضبوط کریں تاکہ ملک درپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اور جامع حکمت عملی وضع کی جاسکے۔ انجینئر سہیل لاشاری نے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور چیمبر اپنی سماجی ذمہ داریوں سے بڑی اچھی طرح آگاہ ہے اور اس سلسلے میں بہت سے اقدامات اٹھارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب کبھی بھی ملک پر کوئی آفت نازل ہوئی لاہور چیمبر فوراِ حرکت میں آیا اور متاثرین کی مدد کے لیے بھرپور عطیات دئیے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر کاشف انور نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے صوبائی وزیر کی کوششوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :