علاج معالجہ ،امراض کی تشخیص اور صفائی ستھرائی کی صورتحال مثالی بنانے کیلئے ہسپتالوں کے ایم ایس صاحبان فوری اقدامات کریں،ڈی سی او اوکاڑہ

پیر 11 اگست 2014 19:48

اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اگست۔2014ء )ڈسٹرکٹ کو آرڈنیشن آفیسر قیصر سلیم نے کہا ہے کہ ہسپتالوں میں علاج معالجہ ،امراض کی تشخیص اور صفائی ستھرائی کی صورتحال کو مثالی بنانے کے لئے ہسپتالوں کے ایم ایس صاحبان فوری اقدامات کریں ہسپتالوں میں عملہ اور ڈاکٹرز کی کمی کا بہانہ بنا کر معاملات کو بگاڑنے والے افسران کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی موسم برسات میں انسداد ڈینگی کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے ویکٹر سرویلینس کے عمل کی موثر نگرانی کی جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ڈینگی کے سلسلہ میں بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر شیخ فرید احمد ،ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر سعید اللہ خان،ای ڈی او زراعت ڈاکٹر شیر محمد شیراوت،ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اظہر،ای ڈی او سی ڈی رانا اشرف جاوید،ٹی ایم او میاں محمد اصغر،ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شکیل انجم رامے،ایم ایس صاحبان و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے ٹی ایم ایز کو ہدائیت کی کہ انکے پاس موجود تمام مشینری چالو حالت میں ہونی چاہیے اور اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر مشینری کی فٹنس سے متعلق رپورٹ پیش کریں۔انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدائیت کی کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لئے عوامی آگاہی مہم جاری رکھی جائے شہروں کے ساتھ ساتھ قصبات اور دیہاتوں میں بھی ڈینگی سے بچاؤ متعلق احتیاطی تدابیر متعلق بینرز اور پوسٹرز لگائے جائیں ،ہسپتالوں میں ڈینگی کی تشخیص کی سہولت ،ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور آئسو لیشن وارڈز بھی قائم کئے جائیں۔

ای ڈ ی او ہیلتھ ڈاکٹر سعید اللہ خان نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع میں ویکٹر سرویلینس کا موثر نظام کام کر رہا ہے اب تک ضلع میں ڈینگی کے لاروہ متعلق کوئی شواہد نہیں ملے اور ضلع میں ڈینگی وائرس کی تشخیص ،ہسپتالوں میں علاج معالجہ کے لئے ادویات اور آئسو لیشن وارڈز قائم کر دئیے گئے ہیں۔