پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا اور اسی کے نام پر باقی رہ سکتا ہے‘ میاں مقصود احمد،

سیکولر طبقہ قائداعظم کی تقریر سے من مانی تاویلات تلاش کرکے پاکستان کو سیکولر ملک ثابت کرنا چاہتا ہے‘امیر جماعت اسلامی لاہور

پیر 11 اگست 2014 19:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اگست۔2014ء ) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی لاہور یوم آزادی بھرپور جوش وخروش سے منائے گی ، جماعت اسلامی کے تمام دفاتر پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے ،آزادی کیمپ لگا کر قوم کو پاکستان کے معرض وجود آنے کے مقاصد سے آگاہ کیاجائے گا،یقینا پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا اور اسی کے نام پر باقی رہ سکتا ہے وہ الگ بات ہے کہ ہم اپنے قائدین کے ارشادات کو بھلا بیٹھے ہیں اور لاعلمی اور جہالت کی بنیاد پر طرح طرح کی بولیاں بولتے رہتے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ قائداعظم نے قبل از تقسیم فرمایا تھا کہ پاکستان کا آئین قرآن پاک کی صورت میں موجود ہے لیکن بدقسمتی سے قائداعظم کے بعد آنے والے حکمرانوں کو قرآنی تعلیمات سے ناآشنائی اور لاعلمی کی بنا پر وہ اعلیٰ مقاصد سے کوسوں میل دور ہوتے چلے گئے۔

(جاری ہے)

پاکستان خالصتاً ایک اسلامی ریاست ہے جبکہ سیکولر طبقہ قائداعظم کی تقریر سے من مانی تاویلات تلاش کرکے پاکستان کو سیکولر ملک ثابت کرنے پر تلہ ہواہے۔

بڑی عام فہم بات ہے کہ سیکولر پاکستان بنانے کیلئے بھارت سے الگ ہونے اور لاکھوں قربانیاں دینے کی کیا ضرورت تھی۔ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان ایک نظریہ ،فکر اور کلمہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا ۔بدقسمتی سے اس نعرے کو ہم سب نے بھلا دیا اور اسی وجہ سے مسائل اور مصائب میں گرگئے ہیں۔ ان بدتر حالات سے نکلنے کا واحد راستہ اس کلمہ کی طرف لوٹنا ہے۔ تبھی جاکر آزادی کے صحیح تصور سے آشنا ہوسکیں گے۔